زعیم العلما کوچنگ سینٹربائسی،پورنیہ
زعیم العلما کوچنگ سینٹربائسی،پورنیہ
January 31, 2025 at 02:54 AM
*فراڈ ایسے بھی کیا جاتا ہے* تحریر: *اورنگزیب عالم مصباحی* گڑھوا (خادم: دارالعلوم غریب نواز جھلوا گڑھوا جھارکھنڈ) آج میرے پاس راہل شرما نامی شخص کا فون آیا، سلام ، حال خیریت کے بعد اس نے کہا کہ عالم بھائی کے ذریعے نمبر ملا ہے، اور مدرسے کا تین ہزار چندہ جمع کرنا ہے اسی نمبر پر بھیجنا ہے، ہم نے بھی سمجھا کہ ممکن ہے کسی عزیز نے میرا نمبر دے دیا ہو جو ہمارے مدرسہ کا خیر خواہ ہو، میں نے کہا جی دارالعلوم غریب نواز جھلوا میں بھیجنا ہے تو اسی نمبر پر بھیج سکتے ہیں، اس کے بعد ایک میسج آیا اس نے کہا کہ پیسہ چلا گیا میں نے میسج دیکھ کر کہہ دیا کہ میسج تو آیا ہے پیسے آنے کا، پھر وہ پریشان لہجے میں کہا کہ تین ہزار کے بجائے تیس ہزار چلا گیا، میں نے کیا جواب دیا اس سے پہلے آپ سے سوال! ایسی صورت میں آپ کیا کریں گے؟ اسے ستائیس ہزار واپس کریں گے؟ یا نیّت خراب کر کے فون کٹ کریں گے! میں بتاتا ہوں اس سے پہلے کہ آپ سے چوک ہو جائے سب سے پہلے آپ اس کے متعلق پوری معلومات اکٹھا کریں گے، پھر اس میسج پر غور کریں گے کہ میسج بینک سے آیا ہے یا پرسنل نمبر سے، عموماً پرسنل نمبر سے ہی آتا ہے، پھر فون کٹ کرکے اپنا اکاؤنٹ چیک کریں گے آیا پیسے آئے بھی ہیں یا صرف میسج آیا ہے، اگر پیسے واقعی آئے ہیں فبہا ورنہ پہلی فرصت میں دو چار سخت جملے کہہ کر فون کٹ کر دیں گے۔ یاد رہے فون پر انجان شخص سے بات کرتے ہوئے یا وائی فائی، بلو ٹوتھ آن رہتے ہوئے (یو پی آئی)بینک اکاؤنٹ چیک نہ کریں، ہیکنگ کے شکار ہو سکتے ہیں۔ اب آئیے میرے جواب پر جیسے ہی اس نے ستائیس ہزار واپس مانگا میں سمجھ گیا کہ یہ شخص فراڈ ہے، کیونکہ سوشل میڈیا پر احباب سے اس طرح کے واقعات سنتا رہتا ہوں، میں نے دو چار سخت جملے کہہ کر فون کٹ کر دیے۔ اگر آپ کے پاس فرصت ہو تو ایسے کمبختوں کو کچھ تڑپا بھی سکتے ہیں ،یہ کہہ کر کہ شام تک بھیج دے رہے ہیں یا ابھی نیٹ ورک ایشو ہے وغیرہ وغیرہ تاکہ اس کمبخت کو لگے کہ واقعی آپ اس کے جال میں پھنس رہے ہیں ایک دو دن کے بعد رس گلے کے رس سے لبریز چند جملے بول دیں خود ہی فون کرنا بند کر دے گا۔ آج کے اس پرفتن دور میں کئی طرح کے فراڈ چل رہے ہیں جیسے فیس بک فراڈ، واٹشپ فراڈ، اے ٹی ایم فراڈ، آدھار کارڈ کے وائی سی فراڈ، فون کال فراڈ، او ٹی پی فراڈ بلیک میلنگ کرائم وغیرہ *فیس بک اور واٹشپ فراڈ* کسی مشہور و معروف شخص کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو اچھی طرح کھنگالنے کے بعد اس کے نام کی فیک آئی ڈی بنا کر اس کے فرینڈشپ میں جڑے تمام افراد کو فرینڈ ریکویسٹ بھیجتے ہیں پھر ان کے انباکس میں انہیں مشہور شخصیات کے نام پر پیسے مانگے جاتے ہیں ہر ہزار میں پانچ دس لوگ ایسے ضرور ہوتے ہیں جو بنا سوچے سمجھے پیسے بھیج دیتے ہیں اور یہی لوگ فراڈیوں کا بکرا ثابت ہوتے ہیں۔ فیس بک ہی سے واٹشپ نمبر لیتے ہیں اور اس کے بعد ان کے واٹشپ ہیک کرتے ہیں پھر انہیں مشہور شخصیات کے مشہور معروف نمبر سے ان سے جڑے تمام افراد سے پیسے مانگے جاتے ہیں اور اس کے ہر ہزار میں تیس سے پچاس افراد شکار بن جاتے ہیں اور بدنام وہ مشہور شخصیات ہوتے ہیں جن کا واٹشپ ہیک ہو چکا ہے۔ *فیس بک واٹشپ بلیک میلنگ* اکثر ایسا ہوتا ہے کہ فیس بک یا واٹشپ میسنجر پر انجان آئی ڈی یا نمبر سے میسج آتا ہے کسی عورت یا لڑکی کے نام سے (اور ہمارے سوشل میڈیائی نوجوان کی بات کی جائے تو بیس سے تیس فیصد کا مقصد ہی یہ ہوتا ہے کہ کسی انجان لڑکی یا عورت سے دوستی ہو جائے وغیرہ وغیرہ) پھر کچھ بات چیت ہونے کے بعد بہت جلد ویڈیو کال پر آ جاتے ہیں پھر برہنہ تصاویر اور ویڈیو کال کوئی بھی کسر نہیں چھوڑی جاتی ہے ، سامنے والی آئی ڈی پر لڑکی ہو یا عورت مکمل پلاننگ سے اسکرین ریکارڈ کرلیتی ہیں اور اس چالاکی سے کہ ان کا چہرہ بالکل نہیں دکھائی دیتا یا اس پر ایڈیٹنگ سے ماسک لگا دیتے ہیں۔ اب ان بلیک میلر افراد کا کھیل شروع! پہلے آپ کو اسکرین ریکارڈنگ ویڈیو بھیجتی ہے پھر ڈیمانڈ کہ اتنا پیسہ بھیجیں ورنہ آپ کی برہنہ تصاویر یا ویڈیوز آپ کے دوستوں یا سوشل میڈیا پر ڈال دیا جائے گا اور ایسی حالت میں نوے فیصد افراد جال میں پھنس جاتے ہیں جب تک نکلتے ہیں اس جال سے تب تک ہزاروں روپے کا چونا لگ چکا ہوتا ہے۔ *او ٹی پی فراڈ* اکثر مرتبہ آپ کے موبائل پر فون آتا ہے کہ آپ کے بینک اکاؤنٹ سے آدھار جڑا نہیں ہے ، آپ کا اے ٹی ایم ایکسپائر ہو چکا ہے، آپ کے نمبر پہ لاٹری لگی ہے، آپ کے نام کسی نے اتنے رقم بھیجی ہے مگر کسی وجہ سے فلاں جگہ رک گئی ہے یا آپ کے نام کسانی شعبہ سے ٹریکٹر یا کسی اور شعبے سے فلاں گاڑی آپ کو دی جائے گی، ایسی صورت میں آپ سے دو میں سے ایک چیز ضرور طلب کی جاتی ہے یا تو اتنے سو یا اتنے ہزار روپے بھیج دیں تاکہ آپ کی رکی ہوئی لاٹری کے رقم یا گاڑی وغیرہ آپ تک پہنچا دی جائے یا آپ کا پھنسا ہوا بینک یا اے ٹی ایم کا کام جلدی سے مکمل ہو جائے، یا پھر او ٹی پی دیجیے تاکہ آپ کا کے وائی سی اپڈیٹ کیا جائے یا دوبارہ آپ کے نام سے اے ٹی ایم جاری کردیا جائے اس قسم کے ہزاروں کال یا میسجز آتے ہیں جو یا تو ڈائیریکٹ پیسہ ٹھگ لیتے ہیں یا او ٹی پی مانگ کر آپ کا بینک اکاؤنٹ خالی کر دیتے ہیں۔ *ضروری گذارش* میرے پیارے! اگر آج کے اس ترقی یافتہ پرفتن دور میں بھی آپ فراڈ کے شکار ہو جاتے ہیں تو آپ پر تعجب بالائے تعجب ہے ، آپ کسی بھی فراڈی کے چکر میں نا پڑیں بلکہ ہمیشہ ہوشیار رہیں، کسی بھی شخص کو (انجان ہو یا جانا پہچانا) پیسے بھیجنے سے پہلے کئی مرتبہ سوچیں اور کئی طرح سے رابطہ کرکے اطمینان کے بعد ہی بھیجیں، کوئی کتنا بھی امرجنسی کا حوالہ دے ایک مرتبہ فون کرکے حالات کا جائزہ لے لیں، کسی کا مشہور نمبر جو پہلے سے آپ کے پاس ہو اس پر ہی پیسے بھیجیں نہ کہ اس نمبر پر جو فراڈیوں کے ذریعے بھیجا جائے، جس نمبر پر بھیجیں اس پر یو پی آئی نام ضرور معلوم کر لیں اور بھیجتے وقت اس کا لحاظ رکھا کریں، عورتوں سے حرام رشتے آف لائن ہوں یا آن لائن چھوڑ دیجئے ورنہ دین و دنیا دونوں برباد ہونگے، زیادہ تر بلیک میلنگ آپ کی پوشیدہ برائیوں کی وجہ سے ہی ہوتی ہیں۔ اور اتفاق سے اگر پھنس بھی گئے تو آپ اپنے جرم قبول کرتے ہوئے ساری سچائی گھر والوں کو بتائیں اور قریبی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائیں۔
👍 ❤️ 7

Comments