Tausif Raza Alimi (AMK)
Tausif Raza Alimi (AMK)
February 17, 2025 at 03:30 PM
*وہابی دیوبندی کو سنی بنانے کی حقیقت(جدید)* فی زمانہ ایک عجیب فتنہ سراٹھا رہا ہے، جس کے تحت صلح کلی مزاج کے لوگ بدمذہبوں سے ربط و تعلق استوار کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ وہ نہ صرف ان کے ساتھ نشست و برخاست رکھتے ہیں بلکہ اپنے اس رویے کو یوں جواز بخشتے ہیں کہ ہم اپنے عقیدے پر ثابت قدم ہیں، کوئی ہمیں متزلزل نہیں کر سکتا۔ مزید برآں، وہ اس غلط فہمی میں مبتلا ہوتے ہیں کہ ہم اُنہیں اپنے جیسا بنا لیں گے، حالانکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہوتی ہے۔ یہی خوش گمانی آگے بڑھتی ہے اور رشتے داری کے بندھن میں بدل جاتی ہے۔ بعض لوگ وہابی دیوبندی گھرانوں کی عورتوں کو اپنی بہو بنا کر لاتے ہیں، تو بعض اپنی بہن بیٹیوں کو ایسے خاندانوں میں بیاہ دیتے ہیں، مگر یہ رشتے اکثر ایمان کے لیے مہلک ثابت ہوتے ہیں۔ اس سلسلے میں اعلیٰ حضرت، امام اہل سنت، امام احمد رضا خان قادری قدس سرہ العزیز کا ارشاد نہایت بصیرت افروز ہے۔ وہ فرماتے ہیں: "غیر مذہب والیوں (یا والوں) کی صحبت آگ ہے، ذی علم، عاقل، بالغ مردوں کے مذہب بھی اس میں بگڑ گئے ہیں۔ عمران بن حطان رقاشی کا قصہ مشہور ہے، یہ تابعین کے زمانے میں ایک بڑا محدث تھا، خارجی عورت سے شادی کر کے اس کی صحبت میں رہ کر معاذ اللہ خود خارجی ہو گیا، اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ میں اسے سنی بنانے کے لیے اس سے نکاح کر رہا ہوں۔" (فتاویٰ رضویہ، 23/ 693، ط: رضا فاؤنڈیشن لاہور) نیز فرماتے ہیں: "بدمذہب عورت کو نکاح میں لاتے وقت یہ خیال کر لینا کہ ہم اس پر غالب ہیں اس کی بدمذہبی ہمیں کیا نقصان دےگی بلکہ اسے سنی کریں گے محض حماقت ہے یہ رشتہ تو دوستی میل رغبت میل محبت مہر پیدا کرتا ہے اور محبت میں آدمی اندھا بہرا ہو جاتا ہے" اھ (أیضا، 11/ 370) یہی وہ سنگین حقیقت ہے جو آج بھی ہمارے سامنے ہے۔ کل تک جو لوگ وہابی دیوبندیوں کو گمراہ و بدمذہب کہہ کر ان سے اجتناب برتنے کی تلقین کرتے تھے، آج ان کے نظریات میں حیران کن تبدیلی نظر آتی ہے۔ نائب فقیہ ملت، حضرت مفتی ابرار احمد امجدی برکاتی دام ظلہ العالی اس تلخ حقیقت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرماتے ہیں: "تجربہ شاہد ہے کہ بہت سے لوگ اس خیال سے وہابی لڑکی لائے کہ ہم اُسے سنی بنا لیں گے، لیکن وہ اسے سنی نہ بنا سکے، بلکہ اس رشتہ کے سبب خود وہابی بن گئے۔" (فتاویٰ فقیہ ملت، 2/ 423، ط: شبیر برادرز لاہور) اب بھی وقت ہے کہ سنی حضرات اس غفلت سے بیدار ہوں اور بدمذہبوں کے دامِ فریب میں نہ آئیں۔ جو شخص آج بھی یہ خیال کرتا ہے کہ وہابی دیوبندیوں سے میل جول یا رشتہ داری کرنے میں کوئی نقصان نہیں، وہ اپنی عاقبت پر غور کرے۔ کیا وہ اپنے دین و ایمان کے ساتھ سودا کرنے کو تیار ہے؟ اللہ رب العزت ہم سب کو مذہبِ حق اہل سنت و جماعت پر ثابت قدمی عطا فرمائے اور ہر صلح کلی و بدمذہب کے فتنے سے محفوظ رکھے۔ آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم۔ ازقلم: *محمد توصیف رضا قادری علیمی* مؤسس اعلیٰ حضرت مشن کٹیہار  شائع کردہ: 17 فروری، 2025ء https://whatsapp.com/channel/0029VaAGZrkKwqSPtDoNek0f https://t.me/RazviDarulqalam
👍 2

Comments