🔷🖋️فیضان اکابر(Faizan-e Akabir) 🖋️🔷
February 15, 2025 at 05:21 PM
*نفحة العبير من ذكريات الرشید*
تحریر: حضرت مفتی شفیق احمد صاحب دامت برکاتہم(فاضل ومتخصص جامعہ دارالعلوم کراچی )فرزند مفتی اعظم پاکستان مفتی رشید احمد لدھیانوی رح
ایک بار حضرت والد صاحب رحمہ اللہ کا کچھ احباب کی معیت میں کراچی سے باہر گھارو کے علاقے میں تفریح کے لئے جانے کا پروگرام بنا، ان احباب میں حضرت حکیم محمد اختر رح، حاجی جمیل دہلوی اور دارالافتاء والارشاد کے سامنے واقع سادات جنرل سٹور کے مالک سید حبیب شاہ رح اور چند دیگر افراد شامل تھے، سفر کے لئے سید حبیب شاہ کی گاڑی کا انتخاب کیا گیا، یہ ایک پک اپ ٹائپ کی گاڑی تھی جو پیچھے سے سامان لادنے کی غرض سے کھلی تھی جہاں سیٹیں اور چھت لگا کر اس قابل بنایا گیا تھا کہ بوقت ضرورت اس میں افراد بھی بیٹھ سکیں، سید حبیب شاہ کے بچے اور گھر کے دیگر افراد عام طور پر اسی میں سفر کیا کرتے تھے۔
حضرت والد صاحب اور حکیم محمد اختر صاحب گاڑی میں آگے ڈرائیور (سید حبیب شاہ) کے ساتھ بیٹھ گئے اور باقی افراد نیز ہم بچے پیچھے بیٹھے اور سفر شروع ہوگیا، جب گاڑی کراچی شہر کی آبادی سے باہر نکلی تو ایک پولیس چوکی پر پولیس نے ہمیں روک لیا، پولیس والوں کا کہنا تھا کہ یہ گاڑی سامان ڈھونے کے لئے رجسٹرڈ ہے سواریاں اٹھانے کے لئے نہیں، سید حبیب شاہ صاحب نے انہیں بتایا کہ یہ حضرات میرے احباب ہیں اجرت دے کر سوار ہونے والی سواریاں نہیں ہیں لیکن پولیس والے کسی طرح بات ماننے پر آمادہ نہیں تھے، صاف محسوس ہو رہا تھا کہ یہ لوگ رشوت لینا چاہتے ہیں، جب شاہ صاحب نے زیادہ سمجھانے کی کوشش کی تو پولیس والوں کا سربراہ بولا کہ "میں آپ کو جانے تو دوں لیکن میرا دل گوارا نہیں کرتا کہ ایک گاڑی میری آنکھوں کے سامنے غیرقانونی طریقے سے گذر جائے" اب تک والد صاحب گاڑی میں بیٹھے خاموشی سے سب سن رہے تھے پولیس والے کی بات سن کر گاڑی سے اترے اور اس سے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا "اگر آپ سمجھتے ہیں کہ گاڑی والا غلط بیانی کر رہا ہے اور آپ کا ضمیر اس بات کی اجازت نہیں دے رہا کہ آپ کی نظروں کے سامنے یہ گاڑی گذر جائے تو آپ آنکھیں بند کرلیجئے گاڑی گذر جانے کے بعد کھول لیجئے گا" والد صاحب کی بات سے پولیس آفیسر بہت محظوظ ہوا عقیدت کے ساتھ ان سے ہاتھ ملایا اور اپنے ماتحت اہلکاروں کو راستہ کھولنے کا حکم دے دیا۔۔۔ واقعی اللہ والوں کی شخصیت اور زبان میں بڑی تاثیر ہوا کرتی ہے۔
رحمه الله تعالى وجزاه خيرا عنا وعن الإسلام والمسلمين.
https://whatsapp.com/channel/0029VatlDBpGE56kchkMZe34