🔷🖋️فیضان اکابر(Faizan-e Akabir) 🖋️🔷
February 18, 2025 at 02:45 AM
حضرت مولانا مفتی محمد شعیب اللہ خان صاحب
(اپنے اساتذہ، مشائخ و اساطین علم کی نظر میں)
تبصرہ از: ابو اشرف علی گڈاوی
یہ مختصر مگر پر اثر رسالہ حضرت مفتی محمد شعیب اللہ خان صاحب مدّ ظلّہ کے علمی و روحانی مقام کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ، ایک طالب علم کے دل میں بلند حوصلگی، علمی تڑپ اور اپنے اکابر کے نقشِ قدم پر چلنے کی جستجو پیدا کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ حضرت والا کی حیاتِ علمی اور خدماتِ جلیلہ کو سمجھنے کے لیے یہ صفحات کسی بھی سنجیدہ قاری کو دعوتِ غور و فکر دیتے ہیں، اور ایک علمی تشنگی کو جنم دیتے ہیں، جو بالآخر پورے رسالے کے مطالعے پر مجبور کر دیتی ہے۔
یہ محض ایک سوانحی خاکہ نہیں بلکہ ایک فکری تحریک ہے، جو طالب علم کو اسلاف کی روشنی میں اپنی راہ متعین کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ یہ تحریر پڑھ کر ہر وہ شخص جو علم کی وادی میں محوِ سفر ہے، اپنے دل میں ایک نیا ولولہ محسوس کرے گا، اپنی علمی و روحانی ترقی کی راہوں پر مزید استقامت کے ساتھ آگے بڑھنے کی تمنا کرے گا، اور اپنے آپ کو ان برگزیدہ ہستیوں کے سانچے میں ڈھالنے کی خواہش رکھے گا۔
یہ رسالہ دراصل حضرت مولانا خالد خان قاسمی صاحب دامت برکاتہم کی خالص محبت، عقیدت اور علمی بصیرت کا ایک حسین مرقع ہے، جس میں انہوں نے انتہائی محنت و جانفشانی سے حضرت والا کے اساتذہ، مشائخ اور معاصرین کے تأثرات و آراء کو یکجا کیا ہے۔ ایک شخصیت کا علمی مقام تبھی صحیح معنوں میں واضح ہوتا ہے جب وقت کے اکابر، اہلِ علم اور اساتذہ خود اس کے علم و عمل کی گواہی دیں، اور اس رسالے میں یہی بیش قیمت شہادتیں نہایت سلیقے اور ترتیب کے ساتھ پیش کی گئی ہیں۔
یہ کتاب جہاں حضرت والا کے علمی و عملی کمالات کو اجاگر کرتی ہے، وہیں ان کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں کو بھی نمایاں کرتی ہے، تاکہ اہلِ علم و طلبہ کے لیے راہنمائی کا ایک مضبوط ذریعہ بنے۔ اس کے مطالعے سے صرف ایک شخصیت کی عظمت کا اعتراف ہی نہیں ہوتا بلکہ یہ ایک ایسا آئینہ بھی ہے جس میں ہر طالب علم اپنے مستقبل کا عکس دیکھ سکتا ہے اور اپنی علمی و عملی سمت کو درست کرنے کا جذبہ اپنے اندر بیدار کر سکتا ہے۔
یہ رسالہ اس لیے بھی نہایت اہم ہے کہ اس کے ذریعے طلباء کے حوصلے بلند ہوں گے، ان کے دلوں میں آگے بڑھنے کا شوق پروان چڑھے گا، اور وہ اپنے آپ کو انہی برگزیدہ ہستیوں کے نقشِ قدم پر ڈالنے کی سعی کریں گے۔ یہی وہ چراغ ہیں جن کی روشنی میں راہِ علم کا ہر مسافر اپنے سفر کو کامیابی کی منزل تک پہنچا سکتا ہے۔
اللہ تعالیٰ حضرت مولانا خالد خان قاسمی صاحب کی اس علمی کاوش کو قبول فرمائے، اسے شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اور حضرت اقدس مفتی محمد شعیب اللہ خان صاحب مدّ ظلّہ کے علم و فیض کو تا دیر جاری و ساری رکھے۔ آمین۔
رسالہ حاصل کرنے کے لیے لنک پر کلک کریں! 👇
https://t.me/FAIZANESHUAIB96/2944
❤️
3