
🔷🖋️فیضان اکابر(Faizan-e Akabir) 🖋️🔷
February 19, 2025 at 12:51 AM
اللہ مجھ سے محبت کرتا ہے؟
یہ سوال اکثر میرے دل و دماغ میں گردش کرتا رہا۔ پھر ایک دن میں نے سوچا کہ میرا رب کن بندوں سے محبت کرتا ہے، اس کا ذکر تو اس نے اپنے کلام میں فرمایا ہے۔ سو میں نے قرآنِ مجید کو کھولا اور تلاش کرنے بیٹھ گیا۔
سب سے پہلے مجھے یہ آیت ملی:
“بیشک اللہ متقین سے محبت کرتا ہے”
یہ پڑھ کر ملال ہوا کہ مجھ میں تو تقویٰ نام کی کوئی چیز نہیں۔
پھر آگے پڑھا تو معلوم ہوا:
“اللہ صبر کرنے والوں کو محبوب رکھتا ہے”
یہ سن کر میں اپنے بے صبرے پن پر شرمندہ ہوگیا۔
مزید تلاش کی تو یہ آیت سامنے آئی:
“اللہ مجاہدین سے محبت کرتا ہے”
یہ جان کر دل بیٹھ گیا کہ یہ سعادت بھی میرے نصیب میں نہیں۔
پھر میں نے پڑھا:
“اللہ احسان کرنے والوں کو پسند کرتا ہے”
یہ جان کر افسوس ہوا کہ میں اس خوبی سے بھی بہت دور ہوں۔
یہ سب دیکھ کر میں نے اپنی تلاش ترک کرنے کا فیصلہ کیا، یہ سوچتے ہوئے کہ شاید میرے پاس کچھ بھی ایسا نہیں جس کے باعث اللہ مجھ سے محبت کرے۔
میں نے اپنے اعمال کا جائزہ لیا تو وہ سب گناہوں اور خطاؤں سے بھرے ہوئے تھے۔
مایوسی کے عالم میں جب میں مصحف بند کرنے لگا تو اچانک میری نظر اس فرمانِ الٰہی پر پڑی:
“بیشک اللہ توبہ کرنے والوں سے محبت کرتا ہے”
یہ پڑھ کر میں رک گیا، اور خوشی سے بھر گیا۔
تب مجھے سمجھ آیا کہ میرا مقام یہی ہے! میں ایک گناہگار بندہ ہوں، مگر اگر میں توبہ کروں تو اللہ مجھ سے محبت کرے گا۔
سو میں نے اپنا راستہ پا لیا۔
❤️
1