
JAMAT RAZA E MUSTAFA BHIWANDI OFFICIAL
February 3, 2025 at 04:27 AM
══════════════════
مدرسہ رضائے مصطفیٰ، بھیونڈی میں
سالانہ اجلاس کا روح پرور انعقاد
══════════════════
الحمدللہ! جماعتِ رضائے مصطفیٰ بھیونڈی کے زیرِ اہتمام، مدرسہ رضائے مصطفیٰ بھیونڈی کا سالانہ اجلاس بروز جمعہ 1 شعبان 1446هـ / 31 جنوری 2025 کو انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔
اس بابرکت اجلاس کی صدارت مفکرِ قوم و ملت، خلیفۂ حضور قائد ملت، شیخ المعقول و المنقول، حضرت علامہ و مولانا محمد اسلم مصباحی برکاتی مدظلہ العالی نے فرمائی۔
اس محفل میں مہمان خصوصی کے طور پر قاضی مہاراشٹر حضرت محمود العلماء، نواسۂ صدر الشریعہ، مفتی محمود اختر صاحب قبلہ مدظلہ العالی جلوہ افروز ہوئے، جبکہ صوفی باصفا حضرت علامہ و مولانا صوفی عبدالصمد صاحب مدظلہ اور شہر بھیونڈی کے مؤقر علماء و ائمہ مساجد نے بھی اپنی موجودگی درج کرائی اور رونق محفل بنےرہے۔
══════════════════
✨ حصولِ علم: ایک لازوال دولت ✨
══════════════════
اس مبارک موقع پر حضرت محمود العلماء قاضی مہارشٹر مفتی اعظم مہاراشٹر نے حصولِ علم کے موضوع پر نہایت جامع اور بصیرت افروز خطاب فرمایا: دوران تقریر آپ نے فرمایا
"علم ایک ایسی لازوال دولت ہے جو انسان کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی باعثِ نجات و اجر بنتی ہے۔ یہ وہ زیور ہے جو وقت کے ساتھ پرانا نہیں ہوتا، بلکہ جتنا اس کا استعمال کیا جائے، اتنا ہی اس میں نکھار آتا ہے۔ علم ہی وہ روشنی ہے جو اندھیروں میں چراغِ راہ بنتی ہے اور انسان کو دنیا و آخرت میں کامیابی کی راہ دکھاتی ہے۔"
══════════════════
✨ فارغ التحصیل طالبات کی رسم ختم بُخاری شریف اور حفاظِ کرام کی دستار بندی ✨
══════════════════
اس پرنور محفل میں مدرسہ رضائے مصطفیٰ للبنات کی 4 طالبات کو رسم ختمِ بخاری شریف کی سعادت نصیب ہوئی، جو حضرت محمود العلماء کی زبانی ادا کی گئی۔
مزید برآں، مدرسہ رضائے مصطفیٰ کے 2 ہونہار طلبہ نے حفظِ قرآن کریم مکمل کیا، جنہیں اسی مبارک محفل میں دستار بندی سے نوازا گیا۔
🔹 حافظ محمد اختر صاحب کو عظیم سعادت نصیب ہوئی
خلیفۂ حضور تاج الشریعہ صوفی باصفا حضرت حافظ و قاری صوفی نذر عالم رضوی صاحب قبلہ مدظلہ العالی کے باکمال اور ہونہار شاگرد حافظ محمد اختر صاحب جنہوں نے ایک ہی نشست میں مکمل قرآن کریم سنانے کا شرف حاصل کیا۔
اس عظیم سعادت کے حصول پر انہیں عزت و تکریم سے نوازا گیا اور زیارتِ بریلی شریف و اجمیر شریف کا مقدس تحفہ پیش کیا گیا۔
══════════════════
✨ تعلیمِ قرآن کو عام کرنے کا پیغام ✨
══════════════════
یہ بابرکت اجلاس اس پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ:
"بھیونڈی کی سرزمین پر قرآن و حدیث کی تعلیم کو عام کیا جائے، نہ صرف بچے بلکہ بڑے اور بوڑھے بھی اس مشن سے جڑ کر اپنی آخرت سنواریں۔"
*مزید برآں*
═════════════════
✨ خواتینِ اسلام کا عظیم الشان اجتماع اور فارغ التحصیل طالبات کی رسمِ ردا پوشی ✨
═════════════════
📌 3 شعبان المعظم 1446ھ مطابق 2 فروری 2025ء کو جماعت رضائے مصطفیٰ، بھیونڈی کے زیرِ اہتمام خواتین کا ایک عظیم الشان روحانی اجتماع شکیل میرج ہال میں منعقد ہوا، جو نمازِ عصر سے رات 10 بجے تک جاری رہا۔
اس مبارک اجتماع میں جماعت رضائے مصطفیٰ بھیونڈی کے زیرِ نگرانی چلنے والے مدارس اور مکاتب کی فارغ التحصیل طالبات کی رسمِ ردا پوشی نہایت ہی سادگی کے ساتھ ادا کی گئی۔
═════════════════
✨ 2025ء – جماعت رضائے مصطفیٰ کے لیے ایک تاریخی سال ✨
═════════════════
الحمدللہ! سال 1446ھ مطابق 2025ء جماعت رضائے مصطفیٰ بھیونڈی کے لیے ایک تاریخی اور نہایت ہی برکت سال ثابت ہوا۔
✅ 2 طالب علم نے حفظ قرآن مکمل کر کے دستار و سند حاصل کیا۔
✅ 4 طالبات نے عالمیت کی تعلیم مکمل کر کے ختم بُخاری شریف کی سعادت حاصل کی اور انہیں سند سے نوازا گیا۔
✅ 14 طالبات نے تجوید و قراءت کے فن میں مہارت حاصل کر کے سند حاصل کیا۔
✅ 99 طلبہ و طالبات نے تکمیلِ قرآن مقدس کی عظیم سعادت حاصل کی۔
✅ جماعت رضائے مصطفی بھیونڈی نے اپنی اخلاص بھری کاوشوں سے 119 طلبہ و طالبات کی روحانی تربیت کر کے قوم کے حوالے کیا، جو ان شاء اللہ تعالیٰ اپنے علم و عمل سے قوم مسلم کے لیئے ہدایت کا سامان ہونگے۔
یہ کامیابی نہ صرف اساتذہ اور والدین کے لیے باعثِ فخر ہے، بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے بھی ایک خوش آئند پیغام ہے کہ نئی نسل قرآن کریم کی روشنی سے منور ہو رہی ہے اور دینی علوم کے زیور سے آراستہ ہو رہی ہے۔
═════════════════
✨ اختتامی پیغام: قرآن و سنت کی روشنی کو عام کرنے کا عزم ✨
═════════════════
یہ روح پرور محافل ایک اہم پیغام کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچیں:
"دینی تعلیم کو عام کیا جائے، قرآن و سنت کے پیغام کو ہر گھر تک پہنچایا جائے اور نئی نسل کو اسلامی علوم سے آراستہ کر کے ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھی جائے۔"
📿 اللہ تعالیٰ جماعت رضائے مصطفیٰ بھیونڈی اور اس کے تحت چلنے والے تمام مکاتب و مدارس کی مساعی جمیلہ کو قبول فرمائے اور انہیں مزید ترقی سے نوازے۔
آمین بجاہِ سید المرسلین ﷺ
❤️
👍
7