Ministry of Religious Affairs Pakistan
Ministry of Religious Affairs Pakistan
February 4, 2025 at 12:48 PM
پریس کانفرنس برائے حج انتظامات محترم خواتین و حضرات السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ! میں آپ کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ مختصر نوٹس پر پچھلے حج یعنی 2024 میں ہونے والی بچت کی رقم حجاج کو پہنچانے کی خوشخبری اور حج 2025 سے متعلق مزید معلومات عوام تک پہنچانے کے لیے وزارتِ مذہبی امور میں تشریف لائے۔ موجودہ حکومت عازمینِ حج کو بہتر سےبہتر سہولیات پہنچانے کے وژن پر کاربند ہے ۔ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی ہدایات کے تحت اور ہماری ٹیم کی ان تھک محنت اور لگن کی بدولت آج چند اچھی خبریں آپ کے توسط سے عوام الناس کے گوش گزار کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہوں۔ مجھے اس وزارت کی ذمہ داری سونپے جانے کے بعد سے اس بات کی فکر تھی کہ کیسے اللہ کے مہمانوں کے لئے اس مقدس سفر کی ادائیگی کو آسان اور سہولیات سے بھرپور بنایا جائے ۔ اس کوشش میں سعودی حکومت بالخصوص وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن ربیعہ ، ڈپٹی وزیر حسن مناخرہ اور بھائیوں جیسے سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا بھرپور تعاون شامل حال رہا جس پر میں ذاتی طور پر ان سب کا شکر گذار ہوں۔ حج انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے میری ٹیم کے تمام افسران پاکستان اور سعودی عرب میں تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے ۔ حج انتظامات کو سعودی تعلیمات اور گذشتہ تجربات کی روشنی میں حج 2024کے فوری بعد شروع کیا گیا ۔ بروقت اقدامات کی بدولت ہم نے نہ صرف فضائی کمپنیوں ساتھ گذشتہ سال کے مقابلے میں کم اخراجات پر معاہدات کیے بلکہ سعودی عرب میں دیگر سہولیات مثلا منیٰ مکاتب، مکہ و مدینہ منورہ کی رہائش گاہیں ، خوراک اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات کو مناسب حد تک روکنے اور سہولیات کو مزید بہتر کرنے میں کامیاب رہے ۔ اس سال یعنی حج 2025 میں پہلی مرتبہ منیٰ کے خیموں میں ایئرکنڈیشن، فولڈنگ میٹرس اور چپسم وال کی اضافی سہولیات متعارف کروائی جا رہی ہے۔ عازمین حج کی بڑی تعداد کو مشائر ٹرین جبکہ دیگر کو جدید ایئرکنڈیشنڈ بسوں کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ عازمینِ حج کی سعودی عرب میں قدم قدم پر رہنمائی کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے حج ناظم سکیم متعارف کروائی جا رہی ہے۔ جس کے تحت قریبا ہر سو سے ڈیڑھ سو عازمینِ حج کے گروپ کے ہمراہ ایک ناظم مقرر کیا جائے گا جو سفر حج کے دوران شروع سے آخر تک ان کے ساتھ رہے گا۔ یہ سہولت معاونین حج کی مقررہ تعداد کے اندر رہتے ہوئے مہیا کی جائے گی۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ حج واجبات کی وصولی تین اقساط میں لی جا رہی ہے۔ مقام شکر ہے کہ سرکاری حج سکیم میں درخواستوں کی تعداد مکمل ہو گئی ہے۔ یہ امر عازمین حج کے وزارت پر مسلسل اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ تیسری قسط نامزد بینکوں میں 6 فروری تا 14 فروری جمع کروانا لازم ہے ۔ ہر عازم حج کو اس کی اطلاع موبائل ایپ ’پاک حج‘ پر مل جائے گی۔ گذشتہ سال کی طرح امسال بھی تمام عازمین حج کو ایک بڑا ٹرالی بیگ ، ایک ہینڈ کیری بیگ، احرام بیلٹ اور خواتین کو عبایا دیا جائے گا جبکہ اپنے ساتھی حجاج اور دنیا بھر میں اپنے پیاروں سے آسان اور موثر رابطے کے لیے ایک موبائل سم بھی دی جائے گی ۔ اس سم سے واٹس ایپ کال بھی کی جا سکے گی۔ عازمینِ حج کی مناسک حج اور انتظامی امور سے بہتر آگاہی کے لیے حج تربیتی مواد کو مزید بہتر کیا گیاہے ۔ ملک بھر کے 147 مقامات پر عازمین حج کی جامع تربیت کا سلسلہ 27 فروری تک جاری رہےگا۔ لازمی حج تربیت کا دوسرا مرحلہ رمضان المبارک کے بعد شروع ہو گا جو متعلقہ حاجی کیمپوں میں آخری حج پروازوں تک جاری رہے گا۔ اب میں مذکورہ بالا اقدامات کی روشنی میں ملنے والے فوائد کا ذکر کرتا ہوں جس سے حج 2025 کے حتمی اخراجات میں مزید کمی ممکن ہو سکی ۔ 40 دنوں پر محیط لانگ حج پیکیج کے اخراجات 25 ہزار کی کمی کے ساتھ 10 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ لانگ پیکیج میں تیسری قسط ساڑھے 4 لاکھ روپے ادا کرنا ہو گی۔ 25 دنوں پر محیط شارٹ حج پیکیج 50 ہزار روپے کی مزید کمی کے ساتھ 11 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔ شارٹ حج پیکیج کی تیسری قسط 5 لاکھ روپے ہو گی۔ میرے سابقہ اعلان کے مطابق گذشتہ سال 2024 کے حجاج کو بھی بچت کی رقوم کی منتقلی شروع کی جا رہی ہے۔ سال 2024 کے حجاج کرام کوپونے پانچ ارب روپے سے زائد رقم واپس کی جا رہی ہے ۔ جیسا میں نے پہلے کہا تھا کہ رقوم کی واپسی کی سات مختلف کیٹگریاں ہیں ۔ رقم میں فرق گذشتہ سال منیٰ زون، مکہ رہائش ، مکتب C کی وجہ سےہے۔ نیز قربانی ریفنڈ اور فضائی کرایوں میں بچت کا فائدہ بھی حجاج کرام کو دیا جا رہا ہے۔ گذشتہ سال کے 14 فیصد(9588) حجاج کرام کو 20ہزار روپے اکاونٹس میں منتقل کیے جا رہے ہیں ۔ 5 فیصد(3358) حجاج کرام کو 35 ہزار روپے ۔۔۔ 19 فیصد (12981)حجاج کرام کو 50 ہزار روپے ۔۔۔۔ 23 فیصد (16037)حجاج کرام کو 75 ہزار روپے ۔۔۔۔ 26 فیصد(17828) حجاج کرام کو 90 ہزار روپے ۔۔۔۔ 10 فیصد(6784) حجاج کرام کو 1 لاکھ 10 ہزار روپے جبکہ ۔۔۔ 3 فیصد(2228) حجاج کرام کو 1 لاکھ 40 ہزار روپے متعلقہ بینک برانچ کے ذریعے واپس ملیں گے۔ نامزد بینکوں میں اگلے دو روز میں رقم کی منتقلی شروع کر دی جائے گی۔ *****
❤️ 👍 🙏 😢 54

Comments