PindiTimes.com
PindiTimes.com
February 8, 2025 at 06:37 PM
ایکسائز AMAN-25: غیر ملکی معززین کی مزارِ قائد پر حاضری اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی کراچی: عالمی بحری مشق "Exercise AMAN-25" کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کرنے والے غیر ملکی معززین نے مزارِ قائد پر حاضری دی اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے اعلیٰ فوجی اور سفارتی وفود نے شرکت کی۔ غیر ملکی معززین نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، جنہوں نے معزز مہمانوں کو قائداعظم کی خدمات اور پاکستان کے قیام میں ان کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔ "Exercise AMAN-25" پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام ہونے والی ایک کثیر القومی مشق ہے، جس میں دنیا بھر کے مختلف ممالک کی بحری افواج شریک ہو رہی ہیں۔ اس مشق کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر میری ٹائم سیکیورٹی کو فروغ دینا، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ تقریب میں شریک غیر ملکی وفود نے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور عالمی امن کے قیام میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ وفود کے نمائندوں نے کہا کہ "Exercise AMAN-25" دنیا بھر کی بحری افواج کے درمیان قریبی تعاون اور یکجہتی کی علامت ہے۔ یہ مشق آئندہ چند روز تک جاری رہے گی، جس میں مشترکہ بحری آپریشنز، میری ٹائم سیکیورٹی، اور انسدادِ دہشت گردی کے مختلف پہلوؤں پر عملی مشقیں کی جائیں گی۔

Comments