
Kashmir Media Service (KMS)
February 27, 2025 at 11:43 AM
*آج کی اہم ترین خبریں (کشمیر میڈیا سروس)*
*27 فروری 2025*
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان خوشگوار تعلقات اور خطے کے امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں نوجوانوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر جنوبی ایشیا ءمیں پائیدار امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تناظر میں پاکستان، بھارت اور حقیقی کشمیری قیادت پر مشتمل مذاکراتی عمل سے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ ترجما ن نے عالمی برادری سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنے والے بھارتی فوجیوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے مذہبی معاملات میں صریح مداخلت کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کے سسر ڈاکٹر سبطین مسعودی کی جامع مسجد سری نگر میں نماز جنازہ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ۔ انتظامیہ نے لوگوں کو نماز جنازہ میں شرکت سے روکنے کیلئے سخت پابندیاں عائد کردیں ۔ میرواعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں قابض انتظامیہ کے اقدام کوانتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیوں سے علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے بھارتی دعوﺅں کی قلعی کھل رہی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھی نماز جنازہ پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی آزادیوں پر براہ راست حملہ اور کشمیریوں کیخلاف جابرانہ اقدامات کی ایک اور مثال قرار دیا۔ ڈاکٹر سبطین مسعودی طویل علالت کے بعد گزشتہ رات سری نگر میں انتقال کر گئے۔
دریں اثنا، بھارتی فوجیوں نے آج بھی اسلام آباد، پونچھ، راجوری، رام بن، کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلاع میںمحاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
ضلع اسلام آباد میں صدیوں پرانے چنار کے درختوں کی بڑے پیمانے پر کٹائی پر علاقے میں بڑے پیمانے پر غم و غصہ پھیل گیا ہے۔ سیاسی رہنماو¿ں، سول سوسائٹی کے اراکین اور ماہرین ماحولیات نے درختوں کی کٹائی کو کشمیر کے ماحولیاتی اور ثقافتی ورثے پر وحشیانہ حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
.