Al-kitab Foundation
Al-kitab Foundation
February 26, 2025 at 01:38 AM
مطالعہ کیسے کریں؟ [ مشہور اصحابِ قلم کی تحریروں پر مشتمل ایک قیمتی دستاویز ] ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی ایک برس ہونے کو ہے ، برادر عزیز محمد بشارت نواز(کراچی) کی معرفت مولانا ابن الحسن عباسی مدیر ماہ نامہ النخیل کراچی کا خط موصول ہوا تھا ، جس میں انہوں نے اطلاع دی تھی کہ وہ مذکورہ مجلے کا 'مطالعہ نمبر' نکالنا چاہتے ہیں اور خواہش کی تھی کہ میں بھی اس کے لیے ایک تحریر ارسال کردوں _ مقررہ وقت تک میرے لیے کچھ لکھنا ممکن نہ تھا ، اس لیے میں نے معذرت کردی ، لیکن برادر بشارت نواز میرے لیے وقت بڑھاتے رہے _ چنانچہ ان کے پیہم رابطہ کی وجہ سے میں نے اپنے طریقۂ مطالعہ کے بارے میں ایک تحریر تیار کرکے ارسال کردی _ مولانا سید جلال الدین عمری ، صدر شریعہ کونسل و سابق امیر جماعت اسلامی ہند ، انجینیر سید سعادت اللہ حسینی ، موجودہ امیر جماعت اور مولانا محمد یوسف اصلاحی ، رکن مرکزی مجلس شوریٰ جماعت و ناظم جامعۃ الصالحات رام پور (یوپی) کی تحریریں فراہم کرنے کا بھی ذریعہ بنا _ اب یہ خصوصی شمارہ منظرِ عام پر آیا ہے تو یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ اس میں ہند و پاک کے مشہور اساطینِ علم کی بہت قیمتی تحریریں شامل ہیں ، جن میں انھوں نے مطالعہ اور تحریر و تصنیف کے سلسلے میں اپنے تجربات بیان کیے ہیں _ عموماً میدانِ علم کے نوواردان مجھ سے سوال کرتے ہیں کہ وہ مطالعہ کیسے کریں؟ کیا مطالعہ کریں؟ مطالعہ کرنے کے بعد کچھ یاد نہیں رہتا ، اسے ذہن نشین کرنے کا کیا طریقہ ہے؟ مطالعہ کے بعد لکھنے کا آغاز کیسے کریں؟ تحریر کو مؤثر ، شستہ اور رواں کیسے بنائیں؟ تصنیف و تالیف کی مشق کیسے کریں؟ وغیرہ _ امید ہے ، النخیل کی یہ خصوصی اشاعت ان کے ان تمام سوالات اور ان جیسے دیگر بہت سے سوالات کے جوابات فراہم کرے گی _ ماہ نامہ النخیل کے اس خصوصی شمارے کو ہندوستان میں 'یادگارِ زمانہ شخصیات کا احوالِ مطالعہ' کے نام سے کتابی صورت میں شائع کیا گیا ہے _ اس کے ٹائٹل پر یہ عبارت درج ہے : " دنیائے اسلام کی 80 سے زیادہ مشہورِ زمانہ علمی شخصیات و اہلِ قلم کے مطالعہ اور علمی سفر کی دل نشین روداد ، نئی نسل کے لیے مفید کتابوں کے انتخاب اور مطالعاتی زندگی کی رہ نمائی پر مشتمل ، مدیر ماہ نامہ النخیل کے سوال نامہ کے جواب میں لکھی گئی ناقابلِ فراموش تحریروں کا سدا بہار مجموعہ _" یہ اس مجموعے کا بالکل درست تعارف ہے _ مولانا ابن الحسن عباسی کا بہت شکریہ کہ انھوں نے بڑوں کی تحریروں کے ساتھ میری تحریر بھی شامل کرکے مجھے بھی بڑا بنا دیا اور برادر بشارت نواز بھی میرے خصوصی شکریے کے مستحق ہیں کہ ان کے اصرار نے مجھ سے بھی اس موضوع پر لکھوایا ، ورنہ میں اس خوب صورت بزم میں شامل ہونے سے محروم رہ جاتا _ یہ کتاب 832 صفحات پر مشتمل ہے _ اسے ہندوستان میں مکتبۃ النور اور مکتبہ الانور دیوبند نے شائع کیا ہے _ اسے حاصل کرنے کے لیے الکتاب فاؤنڈیشن ( 8340586502 9934266250 ) سے رابطہ کیا جاسکتا ہے _

Comments