Shaikh Khaleel Ur Rehman Chishti
Shaikh Khaleel Ur Rehman Chishti
March 1, 2025 at 04:20 PM
Khaleel chishti: السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ محترمی و مکرّمی ، خدا کرے بہ خیر ہوں۔ قرآن مجید میں عقل اور فکر کی قوت استعمال میں لانے کی تاکید کے پس منظر میں کئی طرح کے اعمال کا ذکر ہے، جیسے درایت (reasoning)، فہم (understanding)، ادراک (consciousness)، تفکر (thinking)، تدبر (deliberation)، تذکر (refreshing)، اور تفقہ (comprehension) وغیرہ۔ براہ مہربانی ان اعمال کی لغوی وضاحت فرماتے ہوئے رہنمائی فرمائیں کہ ان کا اطلاق کیسے کیا جائے۔ نیاز مند محمد فیصل ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ و علیکم السلام کچھ الفاظ اور اصطلاحات کا مطلب اختصار سے بیان کرتا ہوں۔ آپ کے انگریزی تراجم صحیح نہیں معلوم ہوتے۔ واللہ اعلم بالصواب۔ 1-معرفت : علامات و آثار سے جاننا۔ شناسائی۔ واقفیت۔ ( یوسف : 58) Awarenes یہ پختہ علم سے کم تر چیز ہے۔ 2- علم : صحیح علم ، شک سے پاک۔ سو فی صد صحیح۔ اعلی درجہ۔ وحی کا علم۔ نصوص کا علم ۔ وہم و ظن و قیاس و خرص سے پاک ۔قران اور صحیح و ثابت شدہ احدیث پر مشتمل حقائق کا علم۔ ( محمد : 19) 3- عقل : دانائی جو نقصان سے بچائے اور فائدے کی طرف رہنمائی کرے۔ روکنا ، باندھنا ، غلطی کا احساس کرلینا۔ نفع و نقصان سمجھ کر ترک و اخذ کرلینا۔ تعقل، غور و فکر۔ ( الانبیاء 10) 4-خام عقل:علمِ وحی سے بے نیازعقل، یا علم وحی کو چیلنج کرنے والی عقل سطحی اور خام ہوتی ہے۔ علمِ وحی خلاف عقل نہیں ہوتا ، بلکہ ماورائے عقل ہوتا ہے۔ یہ(psuedo rationalism ) اعتزال ہے۔ 5-حلم : وہ عقل جو اشتعال سے بچائے۔ فائدے کی طرف رہنمائی کرے۔ جلد بازی سے بچانے والی عقل ۔ جمع : احلام ( الطور: 32) 6-حجر:وہ عقل جو نقصان سےبچائے۔ یہ ذی حجر کا کام ہے۔ وہ عقل جو دلائل کائنات کی روشنی میں آخرت کو مان لے۔ ( الفجر :5) 7-نھو : وہ عقل جو انتہاء اور تہ تک پہنچے۔ ذہانت کی اعلی حد۔ یہ اولوا النہی کا کام ہے۔ ایسی عقل جو توحید و رسالت و آخرت کی طرف رہنمائی کرے۔ ( طہ: 54 ) 8-لب : وہ عقل جو خالص ہو، جو حقائق کا خلاصہ جان لے۔ یہ اولوا الالباب کا کام ہے۔ یہ اہلِ ذکر بھی ہوتے ہیں اور اہلِ تفکر بھی۔ ( آل عمران 190-191 ) 9- توسم : وہ علم جو علامات و قرائن سے حاصل ہو۔ یہ متوسمین کا کام ہے۔ ہم جنس پرستوں پر عذاب الٰہی کا ادراک کرنے والی عقل ( الحجر : 75) 10-بصیرت : دل کی آنکھوں سے دیکھنا۔ یہ اولوا الابصار کا کام ہے۔ بنی نضیر کے مادہ پرست یہودیوں کو اپنے وسائل پر بھروسہ تھا۔ انہیں جلا وطن کیا گیا۔ ان کے انجام سے عبرت حاصل کرنے والے ( الحشر :2 ) 11-درایت ، اِدراء : بالواسطہ حصول علم کو کہتے ہیں۔ اِدراء ، علم سے کم تر چیز ہے۔ ظن و تخمین اور گمان و تشکیک کا علم جو آخرت کا انکار کرتے ہوئے کہتا ہے : ما ندری ما الساعة " ہم نہیں جانتے کی قیامت کی گھڑی کیا ہے ؟ ( الجاثیة : 32) علمِ حدیث میں روایت کے مقابل استعمال ہوتا ہے۔ صحیح حدیث روایت اور درایت دونوں معیاروں پر پورا اترتی ہے۔ 12- اِحساس : حواسِ خمسہ کے علم کو کہتے ہیں۔ یہ بھی پختہ علم سے کم تر چیز ہے۔ ( آل عمران:52) 13- فہم (understanding) : یہ معانی اور مطالب کا علم ہے۔ ابتدائی علم۔ تفہیم بتدریج سمجھانا۔ حضرت سلیمان کو مقدمے کا صحیح حل سمجھایا گیا، ( الانبیاء 78) 14- شعور : معاملے کو باریکی سے سمجھنا۔ منافقین کا سطحی علم شعورسے عاری ہوتا ہے۔ ( البقرة: 9) 15- اِدراک : کسی چیز کی انتہا کو پالینا۔ احاطہ کرلینا۔ درک سے ہے۔ پیچھے سے پکڑنا۔ پہنچ جانا۔ تمہاری آنکھیں اللہ تک نہیں پہنچ سکتیں لیکن وہ تمہاری آنکھوں تک پہنچ جاتا ہے ۔ ( الانعام : 106) 16- تفکر (thinking) : وہ قوت جو دلیلوں سے معاملے کے مختلف پہلوؤں پر غور کرے۔ جو علم اور معلوم کی طرف لے جائے۔ 17- تدبر : چھپے ہوئے حقائق کی طرف سوچنے پر مجبور کرے۔ انجام اور نتائج تک پہنچائے۔ احکام کی پشت پر چھپی حکمت کا سراغ لگانے والی عقل ( محمد : 24) 18- تذکر (refreshing) : وہ قوت جو یاد رکھتی ہے۔ ماضی کی یادوں سے سبق حاصل کرتی ہے۔ عبرت حاصل کرتی ہے۔ اولوا الالباب قرآن میں تدبر اور تذکر کرتے ہیں ( ص: 29 ) اسلام کے عائلی اور فوجداری قوانین کی حکمتوں پر مسلسل غور و فکر ( النور : 1) 19- تفقہ : قیاس ، اعتبار اور اجتہاد کا علم۔ ایک ساحل سے ساحل تک عبور ۔ ایک حقیقت سے دوسری تک رسائی۔ گہری سمجھ بوجھ۔ ( بنی اسرائیل : 45 ) علم فقہ Jurisprudence ( التوبہ : 122) 20- استنباط Derivations : نبط کنویں کا پا پانی۔ تہ کا پانی نکالنا ۔ضمنی مسائل کے استخراج کی قوت . Deduction اولوا الامر کا استخراج۔ ( النساء : 83) خلیل الرحمٰن چشتی 18 جون 2022ء
👍 🙏 5

Comments