Kashmir Media Service (KMS)
Kashmir Media Service (KMS)
June 13, 2025 at 11:36 AM
آج کیا اہم ترین خبریں(کشمیر میڈیا سروس) *13 جون 2025* بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد علاقے میں حالات معمول پر آنے کا بھارتی بیانیہ محض ایک افسانہ ہے اور حقیقت یہ ہے کہ کشمیریوں کے خلاف جابرانہ اقدامات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے آج سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے کشمیری مسلمانو ں کو گزشتہ سات برس سے جامع مسجد اور عید گاہ سرینگر میں عیدین کی نماز ادا کرنے سے روک رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کو اس بات کی وضاحت کرنی چاہیے کہ کشمیری مسلمانوں کو ایک دینی فریضے کی ادائیگی سے کیوں روکا جا رہا ہے۔ میر واعظ نے علاقے میں قائم نیشنل کانفرنس کی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک منتخب حکومت بھی لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو دن بہ دن مزید دیوار کیساتھ لگایا جا رہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کشمیریوں کی جائز سیاسی آواز کو خاموش کرنے کے لیے عدلیہ کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے دلی ہائیکورٹ کی طرف سے حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ کی درخواست ضماعت مسترد کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری ریاستی جبر کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارتی قیادت پر دباﺅ ڈالے۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھی ایک بیان میںپارٹی سربراہ کی درخواست ضمانت مسترد کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت تہاڑ جیل میں نظر بند شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنماﺅں کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ بھارتی انتظامیہ نے ضلع اسلام آ باد میں "ذہنی طور پر معذور" ایک شخص شاہنواز پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ(پی ایس اے) لاگو کر کے اسے گھر سے سینکڑوں میل دور جموں خطے کی کوٹ بلوال جیل میں قید کر لیا ہے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی) کی رہنما التجا مفتی نے ”ایکس “ پر اپنی ایک پوسٹ میں معذور شخص کی کالے قانون کے تحت گرفتاری کو انتہائی افسوس قرار دیتے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کو ”پی ایس اے“ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ ادھر بھارتی ریاست تلنگانہ کے دارلحکومت حیدر آباد میں ہندو تو ا تنظیموں کے غنڈوں نے مسلم نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں 'جئے شری رام' کا ہندو نعرہ لگانے پر مجبور کیا ۔ ریاست راجستھان کے ضلع ڈیڈوانہ میں ہندو توا غنڈوں نے ایک دلت خاتون اور اسکے شوہر کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ امریکہ میں قائم انسانی حقوق کی ایک سرکردہ تنظیم”جسٹس فار آل “ نے ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت میں مسلم مخالف واقعات کا ایک موثر نوٹس لے۔ تنظیم نے امریکی محکمہ خارجہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کو خصوصی تشویش کا حامل ملک قرار دیے جانے کی امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کی سفارش پر سنجیدگی سے غور کرے

Comments