Saile Rawan
Saile Rawan
June 10, 2025 at 01:55 PM
بچوں کو ڈائری لکھنا سکھائیں ۔۔۔۔ ✍️عمارہ فردوس ،جالنہ چھوٹے بچوں کی دن بھر کی مشغولیات میں سے ایک اہم اور خوبصورت مشغلہ انکا ڈائری مینٹین کرنا بھی ہوتا ہے ۔۔۔جیسے ہی بچے لینگویج پڑھنا اور لکھنا شروع کردیں تو انکے خالی اوقات میں ڈائری کا کم از کم آدھا صفحہ ان سے ضرور لکھوایں ۔۔ہم نے اس مرتبہ چھٹیوں میں اپنی دونوں بیٹیوں کو ایک ایک خوبصورت ڈائری دی اور ساتھ ہی چھوٹے چھوٹے تراشوں پر مشتمل محترم فاروق خان صاحب کی کتاب انکشاف بھی سونپ دیں ۔ ہمارا یہ تجربہ کامیاب رہا ۔ چونکہ بچے انگلش میڈیم سے ہیں اور ہماری فکر مندی یہی ہوتی ہے کہ انھیں اردو سکھا کر چھوڑ دینا کافی نہیں ہوگا بلکہ بچوں کو ہمارے اردو لٹریچر سے بھی گہری دلچسپی ہونی چاہیے ۔۔خیر سے ابھی دوسری اور تیسری جماعت میں ہی ہے اسلیے انکو بس ڈائری اور کتاب دے کر کچھ بہترین اقوال ہی نوٹ کرنے کی پریکٹس سے گذارنا مقصود تھا ۔ کچھ بڑے ہوجائیں تو ان شاءاللہ بہترین اقتباسات کلیکشن کا مزاج پیدا کریں گے ۔۔۔ہمیں یاد ہے کہ ہماری امی اسی طرح کرتی تھیں اور ہم لوگوں کے پاس ہمیشہ اقتباسات والی ڈائری الگ ،نعت ترانوں ،آٹو گراف اور تقاریر و اشعار سب کی الگ الگ ڈائریاں سلیقے سے لکھی ہوئی ہوتیں۔ ہماری دونوں بیٹیوں کو بھی ڈائری لکھنے کا سلیقہ سکھانا تھا جسکے لیے یہ چھوٹی سی کوشش کی گئی۔اب الحمدللہ ان کے روز کے معمول میں یہ شامل ہوگیا ہے کہ دن بھر میں کچھ نہ کچھ اسلامی لٹریچر سے ماخوذ اپنی ڈائری میں لکھ لیتی ہیں۔خصوصا جس کتاب کا انتخاب ہم نے انکے لیے کیا اس سے دونوں بیٹیوں کی انسیت کا عالم یہ ہوگیا کہ جب بھی لکھنے کا خیال آتا تو فوراً ڈائری ہاتھ میں لیکر پوچھتیں "مما ہماری انکشاف کہاں ہے "۔۔؟؟ 😊گویا کہ یہ معصوم اب کتاب سمجھنے لگی ہیں ۔۔۔ ان ننھی زبانوں سے یہ سنکر خوشی کی ایک لہر ہمارے چہرے پر سج جاتی ،اسطرح بچوں کا ڈائری لکھنے کا بھر پور اہتمام اور ذوق و شوق دیکھ کر ہم نے محسوس کیا کہ اس سرگرمی سے ان میں ایک غیر معمولی اسپرٹ پیدا ہوگئی ہے ۔اور اب وہ اسطرح کی کتابیں وہ ہر جگہ تلاشنے لگتی ہیں۔ آج ایک چھوٹی سی کتاب حکمت اقوال ہاتھ لگی تو دونوں بیٹیوں نے فوراً اپنی ڈائری نکال کر نوٹ کرنا شروع کردیا ۔اور ماشاءاللہ اتنی نفاست اور عمدگی کے ساتھ ہر آخری سطر کے بعد اپنی ننھی سی دستخط بھی ساتھ کرتی جاتیں ۔۔۔دل کی گہرائیوں سے میری دونوں پیاری بیٹیوں کے لیے میرےلب پر دعا مچلنے لگی کہ اے اللہ انھیں تیرے دین کے لیے چن لے اور انکی ذہانت و صلاحیتوں میں غیر معمولی اضافہ فرما ۔آمین

Comments