Maulana Umrain Mahfuz Rahmani
Maulana Umrain Mahfuz Rahmani
June 10, 2025 at 07:56 AM
*مولانامحمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب کا نوجوانوں کو پیغام:* _*"جان بہت قیمتی ہے، احتیاط برتنا لازم"*_ مالیگاؤں (ناؤ نیوز اپڈیٹ) شہر مالیگاؤں میں حالیہ دنوں پیش آئے متعدد سڑک حادثات نے نہ صرف کئی نوجوانوں کی قیمتی جانیں لے لیں بلکہ کئی خاندانوں کو غم کی اتھاہ گہرائیوں میں بھی دھکیل دیا۔ ان دلخراش واقعات کے پیش نظر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری حضرت مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے والدین، سرپرستوں اور نوجوانوں کو سنجیدہ پیغام دیا ہے۔ مولانا عمرین نے اپنے بیان میں شہر میں بڑھتےحادثات، بالخصوص تہواروں کے مواقع پر نوجوانوں کی بے احتیاطی کو تشویشناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ تقدیر کا لکھا کوئی نہیں ٹال سکتا، مگر احتیاطی تدابیراختیار کرنا شریعت اور عقل دونوں کا تقاضا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کی غیر محتاط ڈرائیونگ،خاص طور پر موٹرسائیکل کی تیز رفتاری اور تفریح کے نام پر خطرناک حرکات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ"جان بہت قیمتی ہے، اور کسی نوجوان کے حادثے میں جاں بحق ہونے سے صرف ایک فرد نہیں، بلکہ پورا خاندان متاثر ہوتا ہے۔ بعض اوقات وہی نوجوان گھر کا واحد کفیل ہوتا ہے۔ اس کی ناگہانی موت پورے خاندان کو مالی، جذباتی اور نفسیاتی صدمے سے دوچار کر دیتی ہے۔"مولانا عمرین نے زور دے کر کہا کہ نوجوانوں کو احتیاط کی سخت ضرورت ہے، اور سرپرستوں کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے بچوں کی نگرانی کرنی چاہیے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو سمجھائیں، ان پر نظر رکھیں، اور انہیں نظم و ضبط کا پابند بنائیں تاکہ وہ حادثات سے محفوظ رہیں۔ انہوں نے عوام الناس کو بھی مخاطب کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں،خصوصاً رات کے اوقات میں غیر ضروری آمد و رفت سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری،ہنگامہ خیزی اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ حادثات کے امکانات کو بڑھا دیتی ہے۔ آخر میں مولانا عمرین نے حادثات میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں مقام عطا فرمائے۔ یاد رہے کہ مولانا عمرین محفوظ رحمانی کا یہ بیان ایک سنجیدہ تنبیہ ہے جو نہ صرف نوجوانوں بلکہ ان کے سرپرستوں کے لیے بھی لمحۂ فکریہ ہے۔ موجودہ حالات میں جہاں سڑک حادثات کی شرح بڑھ رہی ہے، ایسے میں احتیاطی تدابیر اور انفرادی و اجتماعی ذمہ داریوں کا احساس وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ _*بشکریہ۔ناؤ نیوز*_
❤️ 👍 6

Comments