
د غورځنګ میډیا✌️PTM Updates)
June 20, 2025 at 04:46 PM
افغان تارکین وطن پر پولینڈ اور بیلاروس کی سرحد پر تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت
پولینڈ اور بیلاروس کی سرحد پر افغان تارکین وطن کے ساتھ روا رکھا جانے والا غیر انسانی سلوک، تشدد اور قتل جیسے واقعات نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دو سو سے زائد افغان تارکین وطن کو سرحدی علاقوں میں محصور کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں خوراک، پانی اور بنیادی انسانی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ چھ افراد کے بے رحمانہ قتل اور ان کی لاشوں کی بے حرمتی نے اس بحران کی شدت کو اور بھی بڑھا دیا ہے، جب کہ 60 سے زائد افراد کی حالت تشویشناک ہے اور ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔
یہ مظالم نہ صرف انسانی وقار کی کھلی توہین ہیں بلکہ جنیوا کنونشن 1951 اور اس کے 1967 کے پروٹوکول سمیت بین الاقوامی انسانی حقوق کے تمام تسلیم شدہ معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ پولینڈ، جو یورپی یونین کا رکن ہے، اور بیلاروس دونوں کی افواج کی جانب سے تارکین وطن پر کیا جانے والا ظلم ایک سنگین جرم ہے۔
یورپی یونین کی اس معاملے پر خاموشی عالمی ضمیر پر سوالیہ نشان ہے۔ کیا افغان مہاجرین کو بین الاقوامی قوانین کے تحت تحفظ، وقار اور زندگی کا حق حاصل نہیں؟
ہم اقوام متحدہ، یورپی یونین، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں، اور دونوں ممالک کے مقامی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اس سنگین انسانی بحران میں مداخلت کریں
اور افغان تارکین وطن کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
پولینڈ اور بیلاروس کی حکومتوں سے پرزور مطالبہ ہے کہ وہ محصور افراد کو فوری خوراک، صاف پانی، طبی امداد، اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کریں۔ ساتھ ہی، سرحدی افواج کے غیر انسانی اقدامات کے خلاف شفاف تحقیقات کی جائیں اور ملوث اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
آخر میں، ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ خاموشی ترک کرے، انسانیت کے تقاضوں کو مقدم رکھتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ مہاجرین کو ان کے حقوق اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
#stopcrackdownonptm #stoppashtungenocide #stopstatetererism #israeliranwar
