.... بدلاؤ ضروری ہے ....
.... بدلاؤ ضروری ہے ....
June 20, 2025 at 07:16 PM
*ضّونُما* 🍁 *راستہ درمیان کا* پرنسپل، ضیاء الرّحمٰن انصاری، بھیونڈی اسکول میں نظم و نسق قائم رکھنے اور انتظام کو سہل بنانے کے لیے قوانین و ضوابط طے کیے جاتے ہیں۔ عموماً یہ قوانین بچوں کی آزادی پسند فطرت کو قبول نہیں ہوتے اور اسکول میں تناؤ بھرے ماحول کی بنیاد بن جاتے ہیں۔ جب بچے کلاس روم میں داخل ہوتے ہیں تو ان سے کہا جاتا ہے کہ خاموش رہیں، اور جو کچھ کہا جا رہا ہے اسے توجہ سے سنیں۔ جب کہ بچوں کی فطرت میں اظہار اور بے باکی ہے۔ وہ سوال پوچھنا چاہتے ہیں، آپس میں ڈسکس کرنا چاہتے ہیں اور جو کچھ کہا جا رہا ہے، اس میں سے تھوڑا ہی سننا چاہتے ہیں۔ اس لیے یہ حکم نامہ ان کے سیکھنے کے عمل کو سست کرتا ہے۔ جب استاد پڑھانا چاہتا ہے تو "سبق سمجھانا" شروع کرتا ہے۔ جب کہ بچے کچھ کرکے دیکھنا چاہتے ہیں، وہ ہو بہو قبول کرنے کی بجائے جستجو، تجسس اور کھوج کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔ اس لیے سمجھانے کا یہ بوسیدہ طریقہ ان کے لیے بہت مفید نہیں ہوتا۔ ایسا سبق مکمل ہوکر بھی نامکمل ہی رہتا ہے۔ دراصل تعلیم کا عمل اسکول، اساتذہ، صدر مدرس اور انتظامیہ کی توقعات سے زیادہ بچوں کی ضروریات کی تکمیل کا ذریعہ ہے۔ لیکن تعلیم کے نظام کے اپنے تقاضے بھی ہوتے ہیں۔ ایک کامیاب صدر مدرس، مثالی معلم، اچھا اسکول اور بیدار انتظامیہ وہی ہے جو ان تمام کے درمیان ایک ایسا راستہ اختیار کرے جو بچوں کی ضروریات کو ترجیح دیتے ہوئے تعلیمی ادارے کی توقعات کا تعین کرے اور پھر انھیں خطوط پر اقدام کرے۔

Comments