AMU NEWS
AMU NEWS
June 21, 2025 at 07:30 AM
علامہ عاقل حسین عشرت اور ایک عمر رسیدہ جوان آج صبح میں علامہ عاقل حسین عشرت کی مجلس میں موجود تھا کہ ایک عمر رسیدہ جوان حاضر ہوا اور علامہ کی خدمت میں ایک دعوت نامہ پیش کیا. علامہ نے دعوت نامہ کھولے بغیر دریافت فرمایا کہ کس کی شادی ہے آپ کی بیٹی یا بیٹے کی؟ عمر رسیدہ نوجوان نے مسکراتے ہوئے عرض کیا. حضرت! آپ بھی اچھا مذاق کرلیتے ہیں. یہ میری شادی کا دعوت نامہ ہے. علامہ نے سر سے پاؤں تک اسے ایک نظر دیکھا اور فرمانے لگے. برخوردار! مذاق تو آپ نے اپنی زندگی کے ساتھ کیا ہے. ایسا نہیں لگتا کہ بچوں کی شادی کرانے کی عمر میں آپ شادی کررہے ہیں؟ عمر رسیدہ جوان نے جھجھکتے ہوئے کہا کہ حضرت! ہوئی تاخیر تو کچھ باعث تاخیر بھی تھا. دراصل میں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا چاہ رہا تھا. اب الحمد للہ کھڑا ہوچکا ہوں. علامہ نے ایک سرد آہ بھری اور کہنے لگے میاں آپ تو اپنے پاؤں پر کھڑے ہوگئے، مگر.... عمرہ رسیدہ جوان نے پوچھا، مگر کیا علامہ؟ آپ نے جملہ مکمل نہیں کیا. علامہ پر طویل خاموشی کا دورہ پڑ گیا اور چہرے پر فکر کے آثار نمایاں تھے. میں بھی سوچتا رہا کہ آخر علامہ "مگر" کے بعد کیا کہنا چاہ رہے تھے لیکن کسی نتیجے پر نہیں پہنچا.
😂 🥹 🍁 😢 🧞‍♂ 8

Comments