
Children's world
January 27, 2025 at 05:09 PM
*سیرةالنبیﷺ*
*(قسط نمبر 62)*
*🌻=المعرفت منزل ==🌻*
قریش مکہ کے سماجی مقاطعہ کے بعد حضرت ابوطالب مجبور ہو کر بنو ہاشم اور بنی مطلّب کی حفاظت کی خاطر پہلی محرم 7 نبوی کی شب کو تمام خاندان بنی ہاشم کے ساتھ (بجز ابولہب کے) کوہ ابو قبیس میں واقع گھاٹی "شعب ابی طالب" میں پناہ گزیں ہو گئے.. گھاٹی کو عربی میں شعب کہتے ہیں.. کوہ ابو قبیس میں کئی گھاٹیاں تھیں جیسے شعب المطلب , شعب بنی ہاشم , شعب بنی اسد , شعب بنی عامر , شعب بنی کنانہ وغیرہ.. یہ شعب بنی ہاشم کی موروثی ملکیت تھی.. اس وقت بنی ہاشم کے سردار ابو طالب تھے اس لئے یہ گھاٹی ان ہی کے نام سے شعب ابی طالب کہلانے لگی.. آج کل شعب ابی طالب مکہ کے بازار "سوق اللیل" کے مقابل ایک بستی ہے جو اطراف کی تین گھاٹیوں کے درمیان ہے.. اسے محلۂ ہاشمی بھے کہتے ہیں.. مولد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم , مولد علی رضی اللہ عنہ اور دارِ خدیجہ رضی اللہ عنہا اس شعب میں واقع ہیں.. اسے شعب علی رضی اللہ عنہ یا شعب بنی ہاشم کہا جاتا ہے..
اس محصوری کے زمانے میں تمام محصورین مصائب و آلام کا شکار تھے.. کھانے پینے کی چیزوں کا ذخیرہ چند مہینوں میں ختم ہو گیا.. قریش مکہ کے بائیکاٹ کے نتیجے میں غلّے اور سامان خوردونوش کی آمد بند ہوگئی کیونکہ مکے میں جو غلہ یا فروختنی سامان آتا تھا اسے مشرکین لپک کر خرید لیتے تھے اس لئے فقر و فاقہ کی نوبت آگئی.. ان کے پاس بمشکل ہی کوئی چیز پہنچ پاتی تھی وہ بھی پس پردہ.. بھوک سے بلکتے ہوئے بچوں اور عورتوں کی آوازیں جب گھاٹی کے باہر سنائی دیتیں تو قریش سن سن کر خوش ہوتے تھے..
حب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اسلام کی خاطر تمام محصورین یہ تکالیف برداشت کر رہے تھے.. احادیث میں جو صحابہ کی زبان سے مذکور ہے کہ ہم طلح کی پتیاں کھا کھا کر بسر کرتے تھے , یہ اسی زمانہ کا واقعہ ہے.. حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ ایک دفعہ رات کو اونٹ کا سوکھا ہوا چمڑا ہاتھ آگیا.. میں نے اس کو پانی سے دھویا , پھر آگ پر بھونا اور پانی میں ملا کر کھایا.. اُم المومنین حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے جو نازو نعم میں پلی بڑھی تھیں لیکن ہرطرح کی مصیبت اور فقر و فاقہ برداشت کیا اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غم گساری کی اور مسلم خواتین کے لئے ایک بہترین مثال چھوڑ گیئں..
محصورین صرف ایام حج میں ہی شعب سے باہر نکل سکتے تھے اور اس وقت بھی قریش یہ کرتے کہ کھانے پینے کی چیزوں کو زائد قیمت پر خرید لیتے تاکہ محصورین کو کچھ نہ مل سکے جس کا منشاء صرف ان کا عرصۂ حیات تنگ کرنا تھا.....................
============(باقی آئندہ ان شآءاللہ)
سیرت النبی.. مولانا شبلی نعمانی..
سیرت المصطفیٰ.. مولانا محمد ادریس کاندہلوی..
❤️
👍
😢
18