Naat Academy ✦ نعت اکیڈمی
January 30, 2025 at 02:27 PM
*شعبان المعظم : رحمتوں کی بشارت اور عبادات کا پیش خیمہ*
شعبان المعظم وہ بابرکت مہینہ ہے جو رمضان المبارک کی آمد کی نوید سناتا ہے اور نیکیوں کے موسمِ بہار کا پیش خیمہ ہے۔ یہ مہینہ روحانی تیاری، عبادات کے فروغ اور مغفرت کے مواقع سے بھرپور ہے۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: "رجب اللہ کا مہینہ ہے، شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے" (شعب الایمان)۔
یہ مہینہ اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ اس میں شبِ براءت جیسی عظیم رات آتی ہے، جسے مغفرت اور بخشش کی رات کہا جاتا ہے۔ اس رات اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق پر خاص رحمت فرماتا ہے، گناہ گاروں کو معاف کرتا ہے اور بے شمار لوگوں کو جہنم سے نجات عطا کرتا ہے۔ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "اللہ تعالیٰ شعبان کی پندرھویں شب آسمانِ دنیا پر تجلی فرماتا ہے اور قبیلۂ بنی کلب کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ لوگوں کی مغفرت فرما دیتا ہے" (ترمذی)۔
شعبان کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ نبی کریم ﷺ اس مہینے میں نفلی روزے زیادہ رکھا کرتے تھے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ میں نے نبی کریم ﷺ کو شعبان سے زیادہ کسی مہینے میں روزے رکھتے نہیں دیکھا (بخاری و مسلم)۔ یہ عمل اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ رمضان المبارک کی تیاری کے لیے ہمیں اس مہینے میں عبادات میں اضافہ کرنا چاہیے۔
آج کے دور میں جہاں دین سے غفلت عام ہو چکی ہے، ہمیں چاہیے کہ اس مبارک مہینے کو غنیمت جانیں، اپنے اعمال کا جائزہ لیں، عبادات میں اضافہ کریں، روزے رکھیں، استغفار کریں اور شبِ براءت میں اللہ تعالیٰ سے گناہوں کی معافی مانگ کر اپنے دلوں کو پاک کریں۔
شعبان ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم رمضان کی تیاری کریں، اپنے گناہوں سے توبہ کریں اور نیکیوں کی راہ اختیار کریں تاکہ جب رمضان آئے تو ہم پہلے سے ہی اللہ کی رحمتوں کے مستحق بن چکے ہوں۔
*مشاہدات*
*از : مشاہد رضوی سے ایک ورق*
https://www.naatacademy.com/WhatsApp
❤️
👍
😢
29