MADARIS NEWS - مدارس نیوز
January 20, 2025 at 02:08 PM
لاہور :(20 جنوری 2025ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا اہم اجلاس مفتی محمد تقی عثمانی کی صدارت میں آس اکیڈمی لاہور میں منعقد ہوا جس میں ناظم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری،سرپرست وفاق المدارس مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی،نائب صدر وفاق مولانا سعید یوسف،مولانا مفتی محمد طیب،مولانا قاری احمد میاں تھانوی،علامہ زاہد محمود قاسمی،میاں محمد اجمل قادری،مولانا منور صدیقی اور دیگر نے شرکت کی۔قائدین وفاق المدارس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس کے مقاصد سے انحراف کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا،مدارس اللہ والے اور قرآن و سنت کے ماہرین پیدا کرنے کے مراکز ہیں اور ان کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوئ کوشش قابل قبول نہیں،انہوں نے کہا کہ مدارس کے خلاف کوئ سازش کامیاب نہیں ہوگی،وفاق المدارس کے قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مدارس آزادی و خودمختاری سے اپنا کام جاری رکھیں گے اور کسی قسم کی مداخلت اور ڈکٹیشن ہرگز قبول نہیں کی جائے گی، قائدین نے مطالبہ کیا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ کی طرح صوبائی اسمبلیوں سے بھی مدارس ایکٹ پاس کروایا جائے-اجلاس کے دوران وفاق المدارس کے سالانہ امتحانات کے حوالے سے بھی ہدایات دی گئیں اور ناظم اعلیٰ وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے اپنے تفصیلی خطاب میں شرکاء اجلاس کو بتایا کہ اس سال ایک لاکھ بارہ ہزار طلبہ و طالبات نے وفاق المدارس سے ملحقہ مدارس سے حفظ قرآن کریم کی تکمیل کی سعادت حاصل کی جبکہ 6 لاکھ تیس ہزار دو سو پچاس طلبہ و طالبات شعبہ کتب کے امتحان میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس کے نظام امتحانات کو پہلے سے زیادہ مثالی اور معیاری بنایا جائے گا- اجلاس میں پنجاب کے تمام اضلاع کے وفاق المدارس کے شعبہ کتب اور شعبہ حفظ کے مسوولین،اہم دینی جامعات کے ذمہ داران اور وفاق المدارس کی مجلس عاملہ,مجلس شوریٰ اور امتحانی کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی جن میں مولانا ظہور احمد علوی،مولانا حامد حسن،مولانا عبدالغفار،مولانا طیب حنفی بوریوالہ،حافظ نصیر احمد احرار،مولانا مظہر شاہ اسعدی، مولانا صفی اللہ،مولانامفتی عبدالرحمن،مولانا شمشاد،مولانا سید عدنان شاہ،مولانا محمد اویس،مولانا احمد حنیف جالندھری،مولانا قاضی جنید رشید،مولانا جلیل احمد اخون،مولانا قاری عزیز الرحمن،مفتی خرم یوسف،حافظ میاں نعمان،مولانا عبداللہ مدنی،مولانا کلیم اللہ رشیدی،مولانا شاہد عمران عارفی، مولانا قاری خالقداد عثمان،مولانا عبدالقدوس محمدی،مولانا مجیب الرحمٰن انقلابی،مولانا قاری جواد قاسمی،مولانا مفتی عبدالسلام اور دیگر شامل تھے-
❤️ 👍 🌹 15

Comments