🌹 اردو نصیحتیں 📚
🌹 اردو نصیحتیں 📚
February 10, 2025 at 02:07 PM
*تعلیم وتربیت کا ایک اہم پہلو* الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده، وبعد! دینی مدارس کا نظامِ تعلیم وتربیت درجہ بدرجہ ہر پہلو منظم اور مرتَّب ہوتا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔ یہاں تعلیم بھی ہوتی ہے اور تربیت بھی، نمبرات تعلیم کے بھی اور اخلاق کے بھی، بالآخر فراغت کے وقت سند بھی دو طرح کی؛ ایک صلاحیت کی سند دوسری صالحیت کی۔ ہماری یہ تحریر سابقہ سبھی تحریروں کی طرح سب سے پہلے میرے لیے اور میرے افرادِ خانہ کے لیے لکھی گئی ہے، پھر سبھوں کے لیے خصوصًا سر پرست حضرات سے میں مخاطِب ہوں کہ تعلیم وتربیت کا ایک اہم پہلو ہے جسے پل پل اہلِ خانہ کو بتانا سمجھانا چاہیے۔ *رب العالمین کا عقاب* تعلیم وتربیت میں یہ بات بار بار کہی جانی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی سے اجتناب کریں، رب کی پکڑ اور اس کے مواخذے سے خائف رہیں، اللہ تعالیٰ کی سزا کو سامنے رکھیں، یہ موضوع بھی ہماری تعلیم وتربیت کا اٹوٹ حصہ ہونا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: *﴿وَٱتَّقُوا اللهَ وَٱعْلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللهَ شَدِيدُ ٱلْعِقَابِ﴾* ( *البقرة*: 196 ). مذکورہ قطعہ ایک طویل آیتِ مبارکہ کا حصہ ہے، جس میں عظیم عبادت ( حج ) سے متعلق اوامر ونواھی کا بیان ہے، اختتام میں کہا گیا: *﴿وَاتَّقُوا اللهَ﴾* اور اللہ تعالی سے ڈرتے رہو۔ یعنی بقول حافظ *ابن کثیر* رحمہ اللہ: *فيما أمرَكم وما نهاكم* جس بات کا اس نے تمہیں حکم دیا ہے وہ کرو اور جس سے منع فرمایا ہے اس سے رک جاؤ۔ *اہم بات* تحریر ہٰذا کا مقصد یہ ہے کہ ہمارے واجبات کا یہ بھی حصہ ہونا ہے کہ رب العالمین کے حکم کی مخالفَت اور اس کے منع کردہ امور کے ارتکاب پر کیا کیا سزائیں ہیں *وہ معلوم کرنا چاہیے، رب کی ڈانٹ کیا ہے، رب کا مواخذہ کیا ہے، بطورِ سبق اس بات کو پڑھنا لازمی قرار دینا چاہیے*۔ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان: *﴿وَٱعْلَمُوٓاْ أَنَّ ٱللهَ شَدِيدُ ٱلْعِقَابِ﴾* کو غور سے پڑھیں، اللہ تعالیٰ نافرمانوں کو سخت عذاب دینے والا ہے، اس بات کو جاننے کا حکم دیا، کہا: *﴿وَٱعْلَمُوٓاْ﴾*۔ شیخ *محمد بن صالح العثیمین* رحمہ اللہ اپنی تفسیر (١/٤٩٣) میں آیتِ بالا کی تفسیری فوائد کے ضمن میں فرماتے ہیں: *أنَّ العلمَ بشدَّةِ عقوبةِ اللهِ مِن أهمِّ العلوم، ولهذا أمر الله سبحانه وتعالى به بخصوصه؛ لأنه يورِث الخوفَ من الله، والهرب من معصيته*. شرعی علم کا ایک اہم باب یہ بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی سخت پکڑ اور اس کے عقاب سے متعلق علم حاصل کیا جائے، اللہ تعالیٰ نے اس علم کی اہمیت کے پیشِ نظر اس جانب خصوصی توجہ دلائی ہے، اللہ تعالیٰ کی سخت سزاؤں سے باخبر ہونے کا فائدہ یہ ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کی نافرمانی سے بچا رہتا ہے، اور رب کی پکڑ سے ہمیشہ خائف بھی رہتا ہے۔ *محمد معاذ أبو قحافة* ١٨ جمادي الآخر ١٤٤٣ھ، ليلة السبت
😮 👍 5

Comments