
نمود by Yahya Noori
February 27, 2025 at 05:25 AM
تکلیف۔۔
میں لیڈر شپ پڑھاتا ہوں تو ایک بات اپنے تجربے سے بیان کرتا ہوں۔۔۔
کہ لیڈر کو دل بڑا رکھنا پڑتا ہے۔۔
جگر میں وسعت پیدا کرنی پڑتی ہے۔۔۔
لوگوں کی غلطیوں سے درگزر کرنا پڑتا ہے۔۔
خوئے دلنوازی نہ ہو تو لوگ کارواں سے بدظن ہو کر الگ ہو کر ٹوٹتے چلے جاتے ہیں۔۔
آپ ایک دن تنہا رہ جاتے ہیں۔۔
نرمی وہ خصوصیت ہے جسے اللہ نے اپنی رحمت کے طور پر بیان فرمایا ہے۔۔
لوگوں سے غلطیاں ہو جاتی ہیں۔۔
ایسے میں کیا کریں؟
کبھی آپ کو اپنے کسی ساتھی کے ہاتھ سے۔۔
کسی دوست کے ہاتھ سے۔۔
کسی ماتحت کے ہاتھ سے تکلیف پہنچی ہوگی۔۔۔
ایسی تکلیف کہ جہاں اس کا ارادہ آپ کو نقصان پہنچانے کا نہ ہو، بس غلطی ہو گئی ہو۔۔
آپ اس پر غمگین ہوں۔۔۔
کیوں کہ کوئی آپ کی امیدوں پر پورا نہیں اتر سکا اور نقصان کرا بیٹھا۔۔۔
یا اس نے کوئی ایسا کام کر ڈالا جس سے آپ کو دکھ ہوا۔۔۔
اس آیت پر میں کچھ وقت سے غور کر رہا ہوں۔۔
پس منظر یہ ہے غزوہ احد کے بعد نبی اکرم ﷺ خود زخمی ہیں۔۔
حضرت حمزہ ؓ ، حضرت مصعب بن عمیر ؓ جیسے کبار صحابہ شہید ہو چکے ہیں۔۔
چھوٹی سی بستی میں ستر افراد شہید ہو جائیں تو غم کا وہ کیا پہاڑ ہوگا جو ٹوٹا ہوگا۔۔۔
اللہ تعالی ایسے میں اپنے حبیب سے فرماتے ہیں۔۔
فَبِمَا رَحۡمَۃٍ مِّنَ اللّٰہِ لِنۡتَ لَہُمۡ ۚ
پس یہ اللہ کی رحمت ہے کہ آپ ان کے لیے نرم ہیں
وَ لَوۡ کُنۡتَ فَظًّا غَلِیۡظَ الۡقَلۡبِ لَانۡفَضُّوۡا مِنۡ حَوۡلِکَ ۪
اگر آپ سخت مزاج اور سخت دل ہوتے تو یہ آپ کے پاس سے چھٹ جاتے۔۔۔
فَاعۡفُ عَنۡہُمۡ
پس ان سے درگزر فرمائیں۔۔
وَ اسۡتَغۡفِرۡ لَہُمۡ
اور ان کے لیے اللہ سے معافی کی درخواست کریں۔۔
وَ شَاوِرۡہُمۡ فِی الۡاَمۡرِ ۚ
اور ان سے معاملات میں مشورہ لیا کریں۔۔
فَاِذَا عَزَمۡتَ فَتَوَکَّلۡ عَلَی اللّٰہِ ؕ
اور جب کسی کام کا ارادہ کر لیا کریں تو اللہ پر بھروسہ کیا کریں۔۔
اِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ الۡمُتَوَکِّلِیۡنَ ﴿آل عمران ۱۵۹ ﴾
بے شک اللہ توکل کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔۔
کوئی بڑی سی غلطی کر بیٹھے تو اسے معاف کرنا آسان کام نہیں۔۔
اللہ تعالیٰ اپنے حبیب ﷺ کے ذریعے ہمیں معاف کرنے کی تعلیم دے رہا ہے۔۔
کبھی کسی ایسے شخص کے لیے اللہ سے کچھ مانگ کر دیکھیں؟
کم سے کم بھی آپ کو اس کے لیے اپنا دل تو صاف کرنا پڑے گا۔۔
محبت نہ سہی، ہمدردی تو پیدا کرنی پڑے گی۔۔۔
کتنا مشکل کام ہے ناں؟
اس کے بعد اسی کو اپنے مشورے کا حصہ بھی بنا کر دیکھیں۔۔
ہم تو یہاں مختلف رائے رکھنے پر ہی بندے کو دھارے سے الگ تھلک کر دیتے ہیں۔۔
آرگینائزیشنل سائکالوجی میں تحقیق کا ایک باقاعدہ موضوع ہے۔۔
Ostracization
کیسے انسان کو کسی غلطی پر اپنے ہی تنہا کر دیتے ہیں؟
پھر آخر میں اللہ کہہ رہے ہیں۔۔
جب کسی کام کا ارادہ کر لیں تو اللہ پر بھروسہ کریں۔۔
یقینا" اللہ توکل کرنے والوں سے محبت رکھتا ہے۔۔۔
سوچیں۔۔
غور کریں۔۔۔
کہ اللہ کے نبی ﷺ کا طرز عمل ہمیں کیا سکھا رہا ہے؟
عرفان#
محمد یحییٰ نوری

❤️
👍
♥️
✨
❣️
💓
💗
🤍
🤲
57