سنہرے اوراق📜📜
سنہرے اوراق📜📜
February 25, 2025 at 12:58 PM
*📌 ماہِ رمضان کو مفید کیسے بنائیں؟* *«🖋️عائشہ أمة النور بنت جميل الدين»* لفظ " رمضان " اپنے تعارف کا محتاج نہیں ہے، ہم سبھی بحیثیتِ مسلمان رمضان کے روزے سے خصوصی طور پر فطری محبت رکھتے ہیں، نیز اس مہینے کی فضیلت سے تقریبا ہر کوئی واقف ہیں، اس ماہ میں کی جانے والی عبادات مثلاً : لیلۃ القدر، قیام، صیام، تلاوتِ قرآن، صدقہ و خیرات اور دیگر عبادات کی خاص فضیلتیں ہیں، روزے انسان کے گناہوں کا کفارہ بن جاتے ہیں، روزے اور قرآن کی شفاعت اللہ تعالیٰ قبول فرمائے گا، روزے داروں کے لئے جنت میں " باب الریان " نامی خصوصی دروازہ ہے، روزے کے جسمانی، روحانی ، دنیاوی اور اخروی کئی فوائد ہیں، رمضان اور صدقہ باہمی گہرا تعلق رکھتے ہیں، افطاری کروانا باعث اجر ہے، رمضان میں عمرے کا ثواب حج کے برابر ہے، قرآن اور رمضان لازم و ملزوم ہیں، روزے کی حالت میں دعا رد نہیں ہوتی، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مدنی زندگی میں کبھی اعتکاف نہیں چھوڑا، نیز اولاد کی تربیت، والدین کے ساتھ حسن سلوک، اچھی مجلسیں اختیار کرنا، توبہ کرنا، استغفار کرنا، کثرت سے اللہ تعالٰی کا ذکر کرنا، اپنی نگاہوں کی حفاظت کرنا، خواتین کا پردے کا اہتمام کرنا بھی رمضان میں کیے جانے والے ضروری اور اہم اعمال میں سے ہیں۔ انسان کی سعادت و نیک بختی اسی میں ہے کہ وہ اپنی زندگی اللہ کی بندگی میں گزارے، ابدی خوشیوں کے متمنی کو چاہئے کہ وہ بندگی کے چوکھٹ پر اپنا بسیرا کرے، یاد رکھیں کہ مہینوں کا سردار " رمضان " آگیا ہے! ہم اس مہینے کے لمحات سے گزر رہے ہیں، بندہ مؤمن کے لئے یہ مہینہ سعادتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے، یہ تربیت والا مہینہ ہے، یہ نیکیوں اور عبادتوں میں سبقت کرنے کا مہینہ ہے۔ اس ماہ میں اللہ تعالیٰ ڈھیروں عنایات اور اجر سے نوازتا ہے، چاہت رکھنے والے کیلیے خیر و برکات کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، اللہ تعالی نے اس مہینے کو دیگر تمام مہینوں پر فوقیت دی ہے، اسی طرح ہماری امت کو دیگر تمام امتوں پر فضیلت دیتے ہوئے پورے مہینے کے روزے عطا کیا ہے، ماہِ رمضان میں کی ہوئی محنت قابل قدر ہوتی ہے، مؤمنین اس ماہ میں نیکیوں سے مزین ہو جاتے ہیں۔ اسی رمضان المبارک میں اللہ تعالی نے اپنی عظیم ترین کتاب نازل فرمائی : (شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِي أُنْزِلَ فِيهِ الْقُرْآنُ) [البقرة : ١٨٥] " ماہِ رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا۔ " اس ماہ میں جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں، شیاطین اور سرکش جنوں کو جکڑ دیا جاتا ہے، یہ مہینہ رحمت، مغفرت اور رضائے الہی سے بھر پور ہوتا ہے۔ نیز اسی ماہ میں لیلۃ القدر ہے، یہ بابرکت رات ہزار مہینوں سے بھی افضل ہے، اس رات کی فضیلت کے باعث فرشتے اور جبریل عليهم السلام اس رات میں اترتے ہیں، یہ رات فجر تک سلامتی اور خیر والی ہوتی ہے، اس مہینے میں گناہ اور خطائیں معاف کر دی جاتی ہیں۔ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا کرتے تھے : (الصَّلَوَاتُ الْخَمْسُ، وَالْجُمْعَةُ إِلَى الْجُمْعَةِ، وَرَمَضَانُ إِلَى رَمَضَانَ، مُكَفِّرَاتٌ مَا بَيْنَهُنَّ إِذَا اجْتَنَبَ الْكَبَائِرَ) [صحیح مسلم : ٥٥٢] " جب (انسان) کبیرہ گناہوں سے اجتناب کر رہا ہو تو پانچ نمازیں، ایک جمعہ (دوسرے) جمعہ تک اور ایک رمضان دوسرے رمضان تک، درمیان کے عرصے میں ہونے والے گناہوں کو مٹانے کا سبب ہیں۔" جاری۔۔۔۔۔
❤️ 👍 15

Comments