
عصفورات المتعال🌸
February 26, 2025 at 10:14 AM
کچھ وقت پہلے ڈیپریشن سے نبرد آزما ایک لڑکی میرے انباکس میں آئی اور کہنے لگی کہ ڈاکٹر نے اسے پہننا اوڑھنا بہتر کرنے کا مشورہ دیا ہے کہ اس سے موڈ پر خوش گوار اثر پڑتا ہے۔
روز مرہ کی تیاری چاہے کالج یونیورسٹی کے لئے ہو، یا جاب پر نکلنا ہو، انسان ایسا لگے کہ اس کی شخصیت ایک خوش گوار تاثر چھوڑے۔ اور دوسروں سے پہلے خود اپنے کانفیڈنس کی خاطر تیار ہونا چاہیے۔ آپ کا ڈھنگ سے تیار ہونا خود آپ کو دلی طور پر، ذہنی طور پر اچھا محسوس کروائے گا اور آپ کی کارکردگی بہتر ہو گی۔
سادہ رہنے کا یہ مطلب نہیں کہ خشک ہونٹ، پھٹی ایڑیاں اور ملگجے کپڑے پہنے ملنگ بن کے پھرنا ہے، نہ ہی تیار ہونے کا مطلب ہے کہ فل میک اپ کے ساتھ بھاری زیور پہن لینا ہے۔ان دو انتہاؤں کے بیچ کا راستہ، جس میں سادگی بھی ہے اور وقار بھی۔
آپ کی جلد صاف ستھری ہونی چاہیے۔ چہرے کے لئے ہفتہ وار ڈیپ کلینزنگ کی روٹین اپنائیے۔ چہرے پر سے فالتو بال صاف کریں۔ ہاتھ صاف رکھا کریں۔ ناخن تراشیں۔ کیوٹیکلز صاف کریں۔ ہاتھوں پر بھی اگر بال ہیں تو صاف کریں۔ مائسچرائزر ساتھ رکھا کریں اور دن میں کئی بار ہاتھوں کو مائسچرائز کر لیا کریں۔ پاؤں کے ساتھ بھی سب کچھ ہاتھوں والا اور ایڑیوں کی صفائی اور مائسچرائز رکھنا۔
دانت صاف ستھرے ہوں۔ جاب کے دوران میں نے محسوس کیا کہ کچھ لوگ منہ کی صفائی کا بالکل خیال نہیں رکھتے اور آس پاس سب کے لئے اذیت کا باعث بنتے ہیں۔ ایک لڑکی نے ہگ کیا تو ایک گال سے دوسرے گال پر پیار کے بیچ مجھ سے "کیا حال ہے؟" پوچھنے پر اس قدر بدبو محسوس ہوئی کہ آئندہ کے لئے میں سانس بند کر کے اس سے گلے ملتی تھی۔ تیس پینتیس سال کے ہو کے اگر اتنی بنیادی باتیں نہ پتہ ہوں تو حد ہی ہے!
ڈریس اپ ہوتے ہم خواتین کے ایک جوڑے میں یہ چار پانچ چیزیں شامل ہوتی ہیں: شلوار، قمیض، سکارف، دوپٹہ، کوٹ/سویٹر۔ رنگوں کا خیال رکھا کریں اور آپس میں well-coordinated کپڑے پہنا کریں۔ کپڑے سادہ ہوں لیکن صاف ستھرے اور استری شدہ ہوں۔باہر کے اور گھر کے کپڑے/ سویٹر/ سکارف بالکل الگ رکھیں تا کہ کوکنگ وغیرہ کی سمیل آپ کے کپڑوں میں نہ بسی ہو۔ صبح نہا دھو کر، پھٹکڑی یا ڈیوڈرنٹ لگا کر کپڑے پہننے کی عادت ڈالیں۔ ہلکا سا بھی پسینہ محسوس ہو تو دوبارہ وہ کپڑے دھوئے بغیر نہ پہنیں۔ پرانا پسینہ سمیل بناتا ہے۔ عبایا ، گاؤن، لانگ سویٹر بھی بیشک ڈائریکٹ جلد پر نہیں لگتے لیکن انہیں بھی اکثر ہی دھو لیا کیجیے۔
کپڑے اپنے ناپ کے پہنا کریں۔ بہت ٹائٹ بھی نہیں کہ کمر کے سارے 'donuts' نظر آتے ہوں، نہ اتنے کھلے کہ بے تکے لگیں۔ اپنا سائز ہو۔ انڈر گارمنٹس کے بھی رنگ اور سائز کا خیال رکھیں۔ کاٹن انڈر وئیر سال کے بارہ مہینے پہننے کی عادت ڈالیں۔
ایکسیسریز کے نام پر کانوں میں کچھ چھوٹا سا پہنا جا سکتا ہے۔ گھڑی/بریسلٹ اور نازک سی انگوٹھی۔ سکارف بہت جھلمل جھلمل نہ ہو، نہ ہی اس پر بڑے بڑے نگوں والی پنز لگایا کریں۔سکارف ہو یا دوپٹہ، سلیقے سے ٹکا لیا جائے تو ریفائنڈ لک آتی ہے۔
لپ سٹکس کے ایسے شیڈز مارکیٹ میں آسانی سے دستیاب ہیں جو ہونٹوں کی ہی رنگت سے ملتے جلتے ہوتے ہیں۔ آپ اپنی سکن ٹون کے حساب سے نیوڈ پنک، پیچ، یا براؤن شیڈ کا انتخاب کر سکتی ہیں۔ کریم لپ سٹکس بہترین ہوتی ہیں۔ یہ لانگ لاسٹنگ ہوتی ہیں اور ہونٹوں کو ملائم رکھتی ہیں۔ لپ گلوس بھی ٹھیک ہے، لیکن وہ لانگ لاسٹنگ نہیں ہوتا۔
خوشبو کان کے پیچھے یا کلائی/کہنی کے اندر طرف لگا لیا کریں۔ آئل پرفیوم یا رولر عطر اس کام کے لئے بہت اچھے رہتے ہیں۔ اپنی پسند کی خوشبو کا نام دیں تو عطر بنانے والے ملتی جلتی سی خوشبو بہت کم قیمت میں تیار کر دیتے ہیں۔
جوتا ہمیشہ کمفرٹیبل اور بہترین کوالٹی کا ہونا چاہئے۔ آج کل سنیکرز ان ہیں اور عبایا، سکرٹ، بیگی ٹراؤزرز سب کے ساتھ ہی کوول لگتے ہیں۔ تو اس فیشن کا فائدہ اٹھائیں۔
سادہ رہنا پسند کرتی ہیں تو بیشک سادہ رہیں۔
لیکن اس سادگی میں بھی پروقار لگتی رہیے ❤️
نیر تاباں
❤️
👍
♥️
🌺
💞
🖤
60