
"Bazm-e-Ishq Ahlbayt"
January 31, 2025 at 07:47 AM
منقبتِ پاک سیدہ ذینب کبریٰ سلام اللہ علیہا
بنتِ علی کی مدحت مجھ سے ہو کب مکمل
سرکار خود کریں یا کرتا ہے رب مکمل
نام انکا میں زباں پر لاؤں تو کیسے لاؤں
دھوۓ نہیں ہیں آبِ کوثر سے لب مکمل
بسم اللہ پڑھ کے خطبہ آغاز جب کریں وہ
ساری یزیدیت پھر جاتی ہے دب مکمل
خطبے کے حرف تک کی توصیف ہو نہ پاۓ
چاہے بلاغتیں بھی مل جائیں سب مکمل
لہجے کو تیغ کرنا، خطبے سے زیر کرنا
جز آپکے ملا ہے کس کو یہ ڈھب مکمل
وہ ساجدہ ہے جس پر مسجود بھی ہے نازاں
اک سجدے میں بسر ہو جاۓ گی شب مکمل
زہرا کی لاڈلی کے لکھنا تبھی مناقب
فکری طہارتیں بھی ہو جائیں جب مکمل
زہرا، خدیجہ، ذینب عزت ہیں مصطفےٰ کی
اِن کے بنا نہیں ہے شہ کا ادب مکمل
لہجے کے دبدبے سے لرزیدہ شامی بولے
کلمے پڑھو کہ ہے یہ حیدر کی چھب مکمل
زہرا کے گھر میں اتری ہے ایک اور زہرا
ہوتا ہے پنج تن کا بستان اب مکمل
سید محمد حسنین الثقلین (حسنؔی سیِد)
❤️
♥️
🙏
5