
Achi baat
February 4, 2025 at 12:00 AM
موضوع باطنی بیماریوں کی معلومات
قسط نمبر 6
ریاکاری کے دس علاج:
(1)…پہلا علاج: ’’ اللہ تعالٰی سے مدد طلب کیجئے۔‘‘بارگاہ رب العزت میں یوں دعا کیجئے:اے اللہ عَزَّوَجَلَّ مجھے ریاکاری کی بیماری سے شفا عطافرما،میری خالی جھولی کو اخلاص کی عظیم دولت سے بھر دے ،میرا سامنا اس دشمن (یعنی شیطان) سے ہے جو مجھے دیکھتا ہے مگر خود دکھائی نہیں دیتا لیکن تُو اس کو ملاحظہ فرما رہا ہے اے اللہ عَزَّوَجَلَّ مجھے اس دشمن کے مکروفریب سے بچا لے ،اے اللہ عَزَّوَجَلَّ میں اس بات سے تیری پناہ چاہتا ہوں کہ لوگوں کی نظر میں میرا حال بہت اچھا ہو وہ مجھے نیک اور پرہیز گار سمجھیں مگر تیری بارگاہ میں سزاکا حقدار ٹھہروں۔
(2)…دوسرا علاج: ’’ریاکاری کے نقصانات پیشِ نظر رکھئے۔‘‘کیونکہ آدمی کا دل کسی چیز کو اس وقت تک پسند کرتا ہے جب تک وہ اسے نفع بخش اور لذیذ نظر آتی ہے مگر جب اسے اس شے کے نقصان دہ ہونے کا پتہ چلتا ہے تو وہ اس سے بچتا ہے۔ ریاکاری کے چند نقصانات یہ ہیں : ریاکار کا عمل ضائع ہوجاتا ہے، ریاکار شیطان کا دوست ہے، جہنم کی وادی ریاکار کا ٹھکانہ ہوگی، ریاکار کے تمام اعمال برباد ہوجائیں گے، کل بروز قیامت اسے شدید حسرت ہوگی، ریاکار کو ذلت ورسوائی کا عذاب دیا جائےگا، ریاکارپر جنت حرام ہے، ریاکار زمین وآسمان میں ملعون ہے۔ وغیرہ وغیرہ
(3)…تیسرا علاج: ’’اَسباب کا خاتمہ کیجئے۔‘‘کیونکہ ہربیماری کا کوئی نہ کوئی سبب ہوتا ہے جب وہ سبب ہی ختم ہوجائے تو بیماری بھی خود بخود ختم ہوجاتی ہے، ریاکاری کے تین اسباب ہیں : تعریف کی خواہش، مذمت کا خوف اور مال ودولت کی حرص۔