NIDA-E-HAQ
NIDA-E-HAQ
February 19, 2025 at 03:52 PM
*خواتینِ اسلام کے نام حضرت شیخ حفظہ اللہ کا ایک پرانا مکتوب* *اے بہنو! نصرت دین محمد ﷺ کے لیے خود کو تیار کرو* مکتوب خادم۔۔۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ اللہ تعالیٰ اسلام کو پورے عالم پر غلبہ اور مسلمانوں کو قوت، اتحاد اور شوکت عطا فرمائیں۔ میرے بھائیو! اپنی خواتین پر ایسی محنت کریں کہ ان کو جان سے زیادہ ایمان عزیز ہوجائے۔ بے شک ایمان جان سے زیادہ قیمتی ہے… اور ان کو مال سے زیادہ اعمال سے محبت ہوجائے۔ وہ اپنی ناک سے زیادہ اپنے فرائض کی فکر کریں اور غیبت چھوڑ کر دعوت میں اور غفلت چھوڑ کر ذکر میں لگ جائیں۔میرے بھائیو! خواتین کو سمجھاؤ کہ انسان صرف جسم کا نام نہیں… جسم، روح اور عقل کا نام ہے۔ صرف جسم کی فکر کرنے والے حیوان بن جاتے ہیں۔ اپنی روح اور عقل کو عبادت، ریاضت اور اخلاق سے مزین کریں۔ ہر قدم پر بیوٹی پارلر… نمائش… نمائش… اور صرف نمائش… ذلت ہے میرے بھائیو! ذلت… کہ بناوٹ کی اتنی فکر… کتنے جوڑے تھے اماں عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس اور اماں فاطمہ رضی اللہ عنہا کے پاس؟ جوڑے تو خاک میں مل جاتے ہیں۔ ان کے پاس تو جو کچھ تھا وہ آج تک روشن ہے، چمک رہا ہے، مہک رہا ہے۔ کاش! عورتوں پر محنت ہو تو یہ بہت کام والی بن جاتی ہیں۔ دور نبوت کا مطالعہ کریں، اسلامی تاریخ پڑھیں، عورت جب بھی کپڑے، جوتے، مکان اور مال کی خواہشات سے آزاد ہوئی تو اس نے مردوں سے زیادہ دین کی خدمت کی۔ آج کی مسلمان بہن کو اس کا مقصدِ حیات سمجھانے کی ضرورت ہے۔ اسے یہ یاد دلانا چاہیے کہ قرآن پاک پر عمل اس کے لیے بھی ضروری ہے اور وہ بھی اپنی گھریلو ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ ساتھ دین کی بڑی خدمت کرسکتی ہیں۔ مگر یہ اس وقت ممکن ہوگا جب وہ اپنے نفس، اپنی ذات اور اپنی ادنیٰ خواہشات کی فکر سے آزاد ہوں، اور اپنے ایمان اور اپنی حیاء میں پکی ہوں۔ تھوڑٖا سا غور کریں کہ اللہ پاک کی کتنی بے انتہاء رحمتیں خواتین پر ہیں۔ حدیث شریف میں ہے جو عورت پانچ وقت کی نماز ادا کرے، رمضان کے روزے رکھے، اپنی عصمت کی حفاظت کرے اور اپنے خاوند کی اطاعت کرے، وہ جنت کے جس دروازہ سے چاہے داخل ہوجائے۔ کتنا آسان نصاب ہے…گھر بیٹھے بیٹھے ہمیشہ کی جنت۔ اللہ پاک نے عورتوں کو ہر معاملے میں آسانی عطا فرمائی۔ مجبوری کے دنوں میں نماز معاف مگر اجر و ثواب پوری پوری نماز کا ملتا ہے۔ سونا اور ریشم پہننا جائز، جنت میں بھی ملے گا۔ خاوندوں کے ذمہ لازم کہ نقفہ دیں، رہائش دیں اور حسن سلوک کریں۔ بیٹوں کے ذمہ لازم کہ ماں کے قدموں میں جنت ڈھونڈیں۔ پورے قرآن میں کسی سورت کا نام ’’رجال‘‘ یعنی مرد نہیں، جب کہ سورۃ ’’النساء‘‘ موجود ہے۔ نساء کے معنی عورت ہیں۔ جہاد پر نکلنا عورتوں پر فرض نہیں لیکن اگر بیٹھ کر تعاون کریں تو جہاد کا پورا اجر پائیں… اور اگر گھر کے کونے میں نماز ادا کریں تو جامع مسجد کی نماز باجماعت سے زیادہ اجر پائیں… آسانیاں ہی آسانیاں… رحمت ہی رحمت۔ خواتین کو سمجھائیں کہ وہ ان رحمتوں کو سمیٹیں اور اپنے دل یعنی اپنی روح کو طاقتور بنائیں۔ دنیا کی روزی خود آتی ہے، وہ اپنی آخرت کی فکر کریں۔ اکیلی قبر، خوفناک اندھیرے، لمبا سفر، برزخ، آخرت، وہاں یہ حسن کام آئے گا نہ زینت، نہ چالاکی کام آئے گی نہ حلیے۔ وہاں بیٹے ماؤں سے اور خاوند اپنی بیویوں سے بھاگ رہے ہوں گے۔ وہاں اپنا ایمان کام آئے گا، سچا ایمان۔ دیکھو بہنو! وہ ایمان موجود ہے یا نہیں؟ وہاں اعمال کام آئیں گے… خالص اعمال… ریا سے پاک اعمال، دیکھو بہنو! وہ اعمال موجود ہیں یا نہیں؟ بہنو! اپنی ذات کے خول اور فکر سے باہر آ کر اپنی آخرت اور اپنے دین کا سوچو… تب رحمتِ الہٰی بارش کی طرح برسے گی۔ اے بہنو! نصرت دین محمد ﷺ کے لیے خود کو تیار کرو… ہاں بہنو! نصرت دین محمد ﷺ۔ والسلام۔۔۔خادم۔۔۔لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ *‏WhatsApp پر NIDA-E-HAQ چینل کو فالو کریں:* *https://whatsapp.com/channel/0029VavzmhD89innQQh24E3n*
❤️ 👍 🤍 🫀 11

Comments