
احقاق حق
February 6, 2025 at 07:03 AM
#مبادیات_مغربیت
کتاب کا مختصر تعارف
اس کتاب میں مغربی تصورات و اعتقادات کو سمجھنے کے لئے آسان اسلوب میں سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ کتاب پانچ ابواب پہ مشتمل ہے۔
پہلا باب؛
*ورلڈ ویو* (نظریہ حیات)
اس باب میں بنیادی طور پر تصور کائنات کے متعلق بحث کی گئی ہے کیونکہ کسی بھی نظریہ کے لئے بنیادی چیز یہ ہوتی ہے کہ وہ اس کائنات کو کس زاویہ سے دیکھتا ہے اور کیا نظریہ رکھتا ہے۔ سو ابتداء مغربی ورلڈ ویو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ نظریہ حیات کے سات اہم اجزاء ہیں۔
*علم الوجود*
یہ نظریہ حیات کا بنیادی حصہ ہے جو اشیاء کے وجود و حقیقت پہ بحث کرتا ہے۔ جیسے کتنی ذاتیں موجود ہیں اور ان کے وجود کی نوعیت کیا ہے اور مختلف ذاتوں کے مابین تعلقات کی نوعیت کیا ہے؟ ان سوالات کے جوابات میں قدیم و جدید ابحاث کو اختصار سے ذکر کیا اور ہر ایک کی خصوصیات کو بھی بیان کیا۔
*علمیات*
اس کا ورلڈ ویو میں اہم اور نمایاں مقام ہے۔ اس کا خلاصہ یہ ہے کہ علم کیا ہے؟ اور اس کی صداقت و کذب کا فیصلہ کیسے اور کن اصولوں کی بنیاد پہ کریں گے؟ علم کے ذرائع کون کون سے ہیں اور کس ذریعہ کو حتمی اور یقینی کہا جائے گا؟ اس کے ضمن میں بھی قدیم و جدید تصورات کو واضح کیا گیا ہے۔
*اخلاقیات*
اس جزو میں اخلاقی تصورات کو واضح کیا ہے کہ اخلاق کیا ہوتے ہیں اور اخلاقی اقدار قائم کرنے کے اصول کیا ہوتے ہیں؟ اس کے متعلق قدیم و جدید فلسفیانہ تصورات پہ بحث کی گئی ہے۔
*علم الغایت*
اس کو علم المقاصد بھی کہا گیا، کیونکہ اس میں اشیاء کے مقاصد کا ذکر کیا جاتا ہے اور اسی طرح انسانی زندگی کے مقاصد کیا ہیں؟ چونکہ انسان اس بات پہ یقین رکھتا ہے کہ کائنات کی ہر چیز ایک خاص ڈیزائن اور ترتیب سے ہے اور کسی خاص مقصد کو پورا کرنے کے لیے تخلیق کی گئی ہے۔ اس حصے میں قدیم و جدید دونوں تصورات میں اشیاء کی غرض و غایت کی بابت گفتگو کو اس کا حصہ بنایا گیا ہے۔
*کونیات*
اس حصہ میں کائنات کی ابتداء، اس کی ترتیب و ارتقاء کی تفہیم سے متعلق بحث کی جاتی ہے۔ مختلف فلاسفہ کے تصور ابتدائے کائنات کو ذکر کرنے کے ساتھ جدید تصورات و تھیوریز کو بھی اختصارا ذکر کیا۔
*بشریات*
یہ ورلڈ ویو کا وہ شعبہ ہے جو انسانوں کے آغاز و طرز عمل اور ثقافتوں سے متعلق بحث کرتا ہے۔ انہی امور کے متعلق اس حصہ میں قدیم و جدید فلسفیانہ تصورات کو پیش کیا گیا ہے۔
*جمالیات*
علم کے اس میدان کا نام ہے جو حسن کے فن و ذوق اور جمال کی فلسفیانہ تحقیق پیش کرتا ہے۔ قدیم و جدید تصورات میں خوبصورتی کا تعین اور اس کے ذوق فنون کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔

❤️
🇵🇸
2