
SIMOMIN1970
March 1, 2025 at 02:56 AM
*`ممتاز ناقد پروفیسر عتیق اللّٰه ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ کے لیے منتخب`*
ممبئی (آئی این این): اردو زبان و ادب کے لیے ۲۰۲۴ء کے پر وقار ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس مرتبہ یہ ایوارڈ اردو کے قد آور ناقد پروفیسر عتیق اللّٰه کو اُن کی تصنیف "بین العلومی تنقید" کے لیے دیا جائے گا۔ ساہتیہ اکیڈمی کے سیکریٹری ڈاکٹر کے سرینواس راؤ نے بدھ کو ایک پریس ریلیز کے ذریعے اطلاع دی کہ یہ فیصلہ اکیڈمی کی ایگزیکٹیو بورڈ کی میٹنگ میں کیا گیا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق اکیڈمی کے سربراہ مادھو کوشک کی صدارت میں ایگزیکٹیو بورڈ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس میٹنگ میں پروفیسر عبد الصمد، پرت پال سنگھ بیتاب اور شین کاف نظام بطور جیوری ممبر شریک رہے۔ خیال رہے کہ امسال ۱۸ دسمبر ۲۰۲۵ء کو ہندی اور انگریزی سمیت ۲۱ زبانوں کے لیے ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ کا اعلان کر دیا گیا تھا جب کہ اردو، باڈلا اور ڈوگری کے انعامات کا اعلان بعد میں کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ اس طرح اردو زبان کے لیے انعام کا اعلان ۲۶ فروری کو کیا گیا۔ ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ امتیازی نشان اور ایک لاکھ روپے پر مشتمل ہوتا ہے۔ یہ ایوارڈ ۸ مارچ ۲۰۲۵ء کونئی دہلی میں منعقد ہونے والی ایک پروقار تقریب میں پیش کیا جائے گا۔ دہلی یونیورسٹی میں اردو کے پروفیسر کے عہدے سے سبک دوش ہونے والے پروفیسر عتیق اللّٰه ممتاز نقاد اور شاعر ہیں۔