Mufti Taqi Usmani Sahab
Mufti Taqi Usmani Sahab
February 3, 2025 at 10:10 AM
امریکہ میں شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی صاحب مدظلہ کے خلاف پروپیگنڈہ مہم کی کہانی، خود حضرت ہی کی زبانی (نشر مکرر) انتخاب و ترتیب: سید ریحان زیب عفی عنہ یورپ اور امریکہ میں 'غیر سودی بنکاری' کے لئے کوششوں اور اس غرض کے لئے وہاں اپنی زیرنگرانی قائم ہونے والے ادارے 'Guidance finance' کا مفصل تذکرہ کرتے ہوئے حضرت رقمطراز ہیں "جوں جوں غیر سودی بینکاری کا کام آگے بڑھا، اسلام دشمن مغربی حلقوں کی طرف سے اس کی سخت مخالفت شروع ہوگئی۔ خاص طور پر امریکہ میں یہودی لابی نے میرے خلاف ایک مہم چلائی اور ہر کچھ دن کے بعد کوئی نہ کوئی مقالہ اختبارات یا انٹرنیٹ پر اسلامی فائنانس کے خلاف اور خاص طور پر میرے خلاف چھپنا شروع ہوگیا۔ اس سلسلے میں دسیوں جارحانہ مضامین امریکہ اور برطانیہ میں میرے خلاف شائع ہوئے جن میں تنقید سے لےکر گالی گلوچ تک ہر اسلوب آزمایا گیا تھا۔ زیادہ تر میرے خلاف مضامین شایع کرنے والے یہودی تھے، اور انہوں نے مجھے "مالیاتی دہشت گرد" اور "جنونی جہادی" قرار دیا ہوا تھا۔ ان کا کہنا یہ تھا کہ 'اسلامی بنکاری' درحقیقت شریعت کو دنیا بھر میں نافذ کرنے کے لئے ایک "مالیاتی جہاد" ہے اور اس کا سرغنہ تقی عثمانی ہے۔ اگر ان سب تحریروں کو نقل کیا جائے تو ایک پوری کتاب بن سکتی ہے۔ لیکن ان تحریروں میں شاید اہم ترین تحریر امریکہ کے ڈک مورس (Dick morris) اور ایلین مک گین (Eileen McGann) کی مشترک تالیف (CATESTROPHY) (تباہی) تھی۔ ڈک مورس سابق امریکی صدر کلنٹن کا بیس سال تک سیاسی مشیر رہا ہے۔ اس کتاب میں ایک پورا باب (تیرھواں باب "اسلامک فائنانس" کے موضوع پر ہے۔ اس کا بنیادی موضوع تو اسلامی بینکاری اور شریعت کی مخالفت ہے۔ لیکن پورے باب میں سب سے زیادہ جارحانہ تنقید کا ہدف مجھے بنایا گیا ہے کہ اس شخص نے امریکہ میں اسلامک فائنانس متعارف کراکر ہمارے سرمایہ دارانہ نظام پر ضرب لگانے کی کوشش کی ہے" انتهي كلامه اس کے بعد حضرت نے مذکورہ کتاب کے متعدد انگریزی عبارات بمع ترجمہ نقل کئے ہیں۔ تفصیلات کے لئے ملاحظہ فرمائیں دارالعلوم کراچی کا ترجمان ماہنامہ 'البلاغ' شمارہ صفرالمظفر، ربیع الاول 1444ء/اکتوبر 2022ء
❤️ 👍 😢 🙏 🤲 🫡 ♥️ 50

Comments