𝙐𝙧𝙙𝙪 𝘿𝙪𝙣𝙮𝙖
𝙐𝙧𝙙𝙪 𝘿𝙪𝙣𝙮𝙖
February 26, 2025 at 02:59 PM
فیصلہ سازی ایک اہم خوبی ہے تحریر سید عقیل حیدر انسانی زندگی کا سب سے مشکل کام فیصلہ سازی ہے، کیونکہ یہ وہ مرحلہ ہے جو کامیابی اور ناکامی کا تعین کرتا ہے۔ جو انسان بروقت اور دانشمندانہ فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، وہ نہ صرف مشکلات سے بچ جاتا ہے بلکہ کامیابی کے زینے بھی چڑھتا ہے۔ ایسے افراد فیصلہ کرتے وقت صرف موجودہ حالات ہی نہیں بلکہ مستقبل کے ممکنہ نتائج کا بھی گہرائی سے تجزیہ کرتے ہیں۔ اس کے برعکس، کم عقل یا جلد باز لوگ فیصلہ سازی کے دوران سوچ بچار اور غوروفکر سے کام نہیں لیتے، جس کے نتیجے میں وہ مطلوبہ مقاصد حاصل نہیں کر پاتے۔ بڑے فلاسفرز اور دانا افراد کا کہنا ہے کہ اگر انسان فیصلہ سازی کے عمل کو بہتر طریقے سے سیکھ لے تو زندگی کی ہزاروں پیچیدگیوں اور مشکلات سے محفوظ رہ سکتا ہے۔ کم فہم افراد عام طور پر سطحی سوچ کے حامل ہوتے ہیں اور چھوٹی چیزوں یا معمولی باتوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ بڑے مقاصد کو نظرانداز کر کے روزمرہ کی روٹین کو ہی اپنی زندگی کا محور بنا لیتے ہیں۔ انسان کو چاہیے کہ وہ اپنے مقاصد کو وسیع اور بلند رکھے، نہ کہ محدود سوچ کا شکار ہو کر زندگی کے حقیقی مقصد سے دور ہو جائے۔ علم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فلسفی کہتے ہیں کہ علم کے بغیر فیصلہ سازی کا عمل ادھورا اور کمزور رہ جاتا ہے۔ چاہے انسان کتنا ہی سمجھدار کیوں نہ ہو، اگر اس کے پاس علم کی روشنی نہیں تو وہ درست فیصلے کرنے میں ہمیشہ پیچھے رہ جاتا ہے۔ لہٰذا، دانشمندی اور علم کو اپنا کر ہی انسان فیصلہ سازی کے اس چیلنج کو کامیابی سے سر کر سکتا ہے۔
👍 3

Comments