ادارہ طیبہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ۔ Tayyabah Educational And Welfare Trust
ادارہ طیبہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ۔ Tayyabah Educational And Welfare Trust
February 4, 2025 at 07:18 AM
چراغِ فکر (یومیہ) ﴿سلسلہ نمبر:15﴾ شیشم کا درخت مہاراشٹرا میں نایاب ہے آج میرے ایک عزیز میرے پاس آئے، علیک سلیک کے بعد انہوں نے اپنی آمد کا مقصد بتلایا کہ انہیں شیشم کے درخت کے پتوں کی ضرورت ہے۔ میں ان کو لے کر نالا سوپارہ ویسٹ کے قبرستان کی طرف گیا، پھر وہاں سے گھاس گاؤں کی طرف، اور پھر وہاں سے ڈانگے کمپلیکس کی طرف، اور پھر وہاں سے کسی کے کہنے پر مچھلی مارکیٹ کا رخ کیا، لیکن شیشم کا پیڑ کہیں نہیں ملا۔ پھر میں نے بوئسر میں ایک رشتہ دار کو فون کیا اور اس کے بعد ٹٹوالا میں اپنے سالے کو فون کیا، بلکہ ممبئی کے مضافات میں بھی کئی جگہ فون گھمایا، لیکن کہیں سے یہ جواب نہیں آیا کہ ہاں، یہاں شیشم کا پیڑ ہے۔ سب جگہ سے منفی جواب آیا۔ دل میں جستجو پیدا ہوئی کہ شیشم کا پیڑ مہاراشٹر میں کیوں نہیں پایا جاتا اور وہ کس علاج میں کام آتا ہے؟ شیشم کا پیڑ وہی ہے جسے گاؤں میں شیشو کہا جاتا ہے، اس کی لکڑی بہت مضبوط ہوتی ہے۔ پلنگ، مسہری، کرسی، ٹیبل اور دروازے وغیرہ بنائے جاتے ہیں۔ یہ صرف یوپی اور بہار میں کثرت سے پایا جاتا ہے، اور دیگر صوبوں میں بھی پایا جاتا ہے، لیکن مہاراشٹر میں بالکل نہیں ملتا، شاید کہیں کہیں ہو، کیونکہ یہ تر زمین اور سرد موسم والے علاقے میں ہوتا ہے اور مہاراشٹر کا بنیادی موسم نسبتاً گرم اور خشک ہوتا ہے، جو شیشم کے لیے زیادہ موزوں نہیں۔ اس پیڑ کی چھال یعنی چھلکے اور اس کی پتیاں علاج و معالجہ میں بہت مفید ہیں۔ اس کے طبی فوائد ملاحظہ کیجیے! طبِ یونانی اور آیوروید میں شیشم کے مختلف حصے (پتے، چھال، بیج، اور لکڑی) مختلف بیماریوں کے علاج میں استعمال ہوتے ہیں۔ جلدی امراض کا علاج: شیشم کی چھال یا پتوں کا قہوہ جلدی بیماریوں، خاص طور پر خارش، ایگزیما اور زخموں کے لیے مفید ہوتا ہے۔ اس کے پتے پیس کر لگانے سے زخم جلد بھر جاتے ہیں۔ جوڑوں کے درد اور گٹھیا: شیشم کے پتوں کا تیل جوڑوں کے درد، گٹھیا، اور پٹھوں کی تکلیف میں آرام پہنچاتا ہے۔ اس کی چھال کا قہوہ پینے سے جوڑوں کی سوزش کم ہوتی ہے۔ ذیابیطس کا علاج: شیشم کی چھال یا پتوں کا قہوہ بلڈ شوگر کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ کچھ روایتی معالج اسے شوگر کنٹرول کے لیے تجویز کرتے ہیں۔ معدے کی بیماریوں کا علاج: شیشم کی چھال کا سفوف بدہضمی، گیس، اور پیٹ کے درد کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔ اس کے پتوں کا قہوہ قبض اور معدے کی جلن میں آرام دیتا ہے۔ دانتوں اور منہ کی صفائی: شیشم کی لکڑی کی مسواک دانتوں کو مضبوط اور صحت مند رکھتی ہے۔ اس کی چھال کا جوشاندہ مسوڑھوں کی سوزش اور دانتوں کی تکلیف میں مفید ہوتا ہے۔ بالوں کی صحت: شیشم کے پتوں کا پانی سر پر لگانے سے خشکی ختم ہوتی ہے اور بال مضبوط ہوتے ہیں۔ اس کا تیل بالوں کے جھڑنے کو روکتا ہے۔ استعمال کا طریقہ: قہوہ: 5-10 پتوں کو پانی میں ابال کر پیا جا سکتا ہے۔ سفوف: چھال کو خشک کر کے سفوف بنا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ لیپ: پتے پیس کر زخموں اور جلدی بیماریوں پر لگائے جا سکتے ہیں۔ تیل: پتوں کو ناریل یا سرسوں کے تیل میں پکا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مستفاد :1. Chaudhary, P., & Saxena, P. (2013). "Pharmacognostic studies on Dalbergia Sissoo: A medicinal plant". Journal of Medicinal Plants Studies, 1(4), 43-47. شاہ امان اللہ ندوی ادارہ طیبہ ہنومان نگر نالا سوپارہ ویسٹ

Comments