
📿*اسلامک ڈائری)Islamic Diary)* 📚
February 16, 2025 at 10:45 AM
✨❄️ *اِصلاحِ اَغلاط: عوام میں رائج غلطیوں کی اِصلاح*❄️✨
*سلسلہ نمبر 1973:*
🌻 *نیک اعمال کے لیے وقت نہ ہونے کی وجہ*
📿 *دینی کاموں اور نیک اعمال کے لیے وقت نہ ہونے کی ایک بڑی وجہ:*
آج بہت سے لوگ دین کے کاموں، نیک اعمال اور آخرت کی تیاری کے لیے وقت نہ ہونے کی شکایت کرتے ہیں کہ وقت ہی نہیں ملتا، حالاں کہ اگر دیکھا جائے تو ان میں سے بہت سےلوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جن کا کوئی عظیم مقصد بھی نہیں ہوتا کہ اس میں مگن ہونے کی وجہ سے وقت کی قلت کا شکار ہوں۔ سوال یہ بنتا ہے کہ وقت نہ ہونے کی آخر وجوہات کیا ہیں؟ تو ذیل میں وقت نہ ہونے کے چند اسباب ذکر کیے جاتے ہیں:
1️⃣ دین اور آخرت کے کاموں اور اعمال کو اہمیت نہ دینا کیونکہ جب کسی کام کی اہمیت دل میں ہوتی ہے تو اس کے لیے وقت نکل ہی آتا ہے۔
2️⃣ زندگی کی مصروفیات کے لیے نظام الاوقات کا نہ ہونا، تو اگر زندگی کے کاموں کے لیے نظام الاوقات بنایا جائے کہ فلاں کام فلاں وقت میں کرنا ہے تو ایسی صورت میں ہر کام وقت پر ہوتا ہے اور وقت ضائع نہیں ہوتا۔
3️⃣ اہم کاموں کو ترجیح نہ دینا اور انھیں مقدم نہ کرنا، ظاہر ہے کہ جب اہم کاموں کو ترجیح نہیں دیں گے تو غیر ضروری کام ہی اچھا خاصہ وقت گھیر لیں گے۔
4️⃣ بلاوجہ کام وقت پر نہ کرنا، بلکہ ٹالتے رہتا، اس بُری عادت کی وجہ سے کئی اہم کام رہ جاتے ہیں۔
5️⃣ بے مقصد امور میں وقت صَرف کرنا اور فضولیات میں مشغول رہنا، ظاہر ہے کہ ایسی صورت میں ضروری اور اہم کاموں کے لیے وقت کہاں ملے گا؟
6️⃣ غیر اہم امورکو زیادہ وقت دینا، حالانکہ زیادہ وقت تو اہم کاموں ہی کو دینا چاہیے۔
7️⃣ مباحات وتفریحات میں کثیر وقت صرف کرنا، حالانکہ تفریحات زندگی کا مقصد نہیں، بلکہ ایک مفید حصہ ہیں کہ مقصد کے کاموں میں تھک جانے کے بعد جائز تفریحات بھی ضروری ہوا کرتی ہیں، لیکن تفریحات میں لگے رہنا غلط ہے۔
8️⃣ گناہوں اور ناجائز کاموں میں وقت صرف کرنا، اس کی وجہ سے بھی بہت سارا وقت ضائع ہوجاتا ہے۔
اپنی زندگی میں ان اسباب کا جائزہ لیں، اگر ہم ان قابلِ اصلاح باتوں کا شکار ہیں تو ان کو اپنی زندگی سے دور کردیں، پھر ہم بخوبی دیکھ سکیں گے کہ ہمیں کس قدر اضافی وقت میسر آتا ہے۔ حاصل یہ کہ زندگی سے گناہ کے کام اور فضول کام نکال دیں تو بہت سارا وقت میسر آسکتا ہے نیک اعمال کے لیے بھی، دین سیکھنے سکھانے کے لیے بھی، دینی خدمات سرانجام دینے کے لیے بھی، عبادات کے لیے بھی، رشتہ داری نبھانے کے لیے بھی، خدمتِ خلق کے لیے بھی، اپنی اصلاح وتربیت کے لیے بھی اور اپنے اہل وعیال کی تربیت کے لیے بھی۔
✍🏻۔۔۔ مفتی مبین الرحمٰن صاحب مدظلہم
فاضل جامعہ دار العلوم کراچی
محلہ بلال مسجد نیو حاجی کیمپ سلطان آباد کراچی
10 شعبان المعظم 1446ھ/ 9 فروری 2025