📿*اسلامک ڈائری)Islamic Diary)* 📚
📿*اسلامک ڈائری)Islamic Diary)* 📚
February 16, 2025 at 10:45 AM
ماہِ رمضان: فضائل، مسائل اور احکام (02) ماہِ رمضان کی خصوصیات: ماہِ رمضان مبارک بے شمارخصوصیتوں کاحامل ہے اور یہ خصوصیات کسی اور ماہ کو حاصل نہیں ہیں، اسی لیے اس ماہ کو سب سے بہتر قرار دیا گیا ہے، چناں چہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے ایک لمبی حدیث میں مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ما مر بالمسلمین شھر خیر منہ۔ (صحیح ابن خز یمۃ :۳/۱۸۸) ''مسلمانوں پر کوئی مہینہ اس (رمضان) سے زیادہ بہترنہیں گزرا۔'' الغرض ماہ رمضان بڑی خصوصیات کا مہینہ ہے، یہاں ان میں سے بعض کا ذکر کیا جاتاہے۔ اجر وثواب میں زیادتی: رمضان میں اعمال کا ثواب، عام دنوں کے اعتبار سے بہت زیادہ عطا کیا جاتا ہے، چناں چہ حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ کی لمبی روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو شخص اس مہینہ میں نفل عبادت کرکے اللہ کا قرب حاصل کرنا چاہے، وہ اس شخص کے مانند ہے جو اور دنوں میں فرض ادا کرے اور جو اس مہینہ میں ایک فرض ادا کرے وہ اس آدمی کے مثل ہوگا جو دوسرے دنوں میں ستر (۷۰) فرض ادا کرے‘‘۔ (صحیح ابن خز یمۃ :۳/۱۹۱،شعب الایمان:۳/۳۰۵،مسندالحارث:۱/۴۱۲) جنت کے دروازوں کا کھل جانا اور دوزخ کے دروازوں کا بند ہو جانا: جیسا کہ گزشتہ قسط میں احادیث گزر چکی ہیں کہ رمضان آتا ہے تو دوزخ کے دروازے بند کردیے جاتے ہیں اور جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔ شیاطین کا بند ہو جانا: حدیث میں ہے کہ رمضان میں شیاطین کو جکڑ دیا جاتا ہے، اور اس سے مراد وہ شیاطین وجن ہیں جو لوگوں کو گمراہ کرتے اور بہکاتے ہیں، کیوں کہ ایک حدیث میں اس کی تصریح کی گئی ہے، اس ماہ میں ان شریر جنات و شیاطین کو بند کردیا جاتا ہے کہ وہ اب اس قابل نہیں رہتے کہ لوگوں کو گمراہ کرسکیں۔ اب رہا یہ سوال کہ بہت سے لوگ رمضان میں بھی گمراہ ہوتے یا گمراہ رہتے ہیں، اس کی کیاوجہ ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ یہ یاتو نفس کے بہکانے کی وجہ سے ہے، یاشیاطین کے ان اثرات کا نتیجہ ہے جو سال بھر لوگوں کے ان کے ساتھ رہنے کی وجہ سے ان میں پیوست ہوگئے تھے اور اب اثر انداز ہوتے ہیں۔ قرآن کا اسی ماہ میں نازل ہونا: رمضان مبارک کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اسی مہینہ کو اللہ نے قرآن پاک کے نازل کرنے کے لیے منتخب فرمایا، چناں چہ خود قرآن میں اس کا ذکر ہے: شَھْرُ رَمَضَانَ الَّذِیْٓ اُنْزِلَ فِیْہِ الْقُرْاٰنُ۔} ( البقرۃ :۱۸۵ ''رمضان کا مہینہ وہ ہے جس میں قرآن نازل کیاگیا۔'' لیلۃ القدر کا آنا: ایک خصوصیت رمضان کی یہ بھی ہے کہ لیلۃ القدر جو ہزاروں مہینوں سے افضل ہے، وہ اسی مہینہ میں آتی ہے، حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اس مہینہ میں ایک رات آتی ہے، جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے‘‘۔ (نسائی:۲۱۰۶،مسنداحمد:۷۱۴۸) =========> جاری ہے ۔۔۔

Comments