PSX News Updates
February 23, 2025 at 05:00 PM
سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے وِنڈ فال ٹیکس برقرار رکھنے کے فیصلے کے بعد ایف بی آر نے 21؍ فروری 2025ء کو ایک ہی دن میں 16؍ بڑے بینکوں سے 23ارب روپے ٹیکس وصول کیا۔ باخبر ذریعے کے مطابق، وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر قیادت ٹیکس ریکوری کا یہ بڑا آپریشن ٹیم ورک کا نتیجہ تھا جس میں گورنر اسٹیٹ بینک نے فعال کردار ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق، اٹارنی جنرل آف پاکستان، چیئرمین ایف بی آر اور ماہرین قانون کی ایک ٹیم نے اشرافیہ پر ٹیکس لگانے اور قانونی ہیرا پھیری کے اس جڑے اُس کلچر کو ختم کرنے کی سرکاری حکمت عملی میں فیصلہ کن تبدیلی میں کردار ادا کیا جس نے طویل عرصے سے طاقتور کارپوریٹ مفادات کا تحفظ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ بھاری رقم 21 فروری 2025 کو وصول کی گئی۔ اس ریکوری سے ایک دن قبل ہی سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بنچ نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 99D کے تحت عائد ونڈ فال ٹیکس کیخلاف مالی شعبہ جات کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے حکومت کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔ دہائیوں سے ملک کے امیر ترین افراد اور اداروں نے اپنی پیسے کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے یا پھر آئینی درخواستوں کے ذریعے ٹیکس عائد کرنے میں تاخیر کرائی اور ٹیکس سے بچنے کی کوششیں کیں۔ اس سے حکومت کے پاس غریب اور متوسط طبقے پر بوجھ ڈالنے کے سوا اور کوئی راستہ نہ بچا۔