ملفوظات حکیم الامت رحمہ اللہ
February 4, 2025 at 04:46 PM
*ملفوظاتِ حکیم الامت مجدد الملت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ*
*پریشانی کا علاج*
ارشاد فرمایا کہ میں سچ کہتا ہوں کہ محبتِ حق سے زیادہ کوئی چیز پریشانی کم کرنے والی نہیں۔ ہم کو ساحرانِ موسیٰ علیہ السلام کے واقعہ سے سبق لینا چاہیے کہ نومسلموں کی تو یہ کیفیت کہ اسلام لاتے ہی موت کے مشتاق اور لقاءحق کے متمنی ہوگئے اور موت سے ایسے نڈر ہوئے کہ فرعون کی دھمکیوں کی ذرا بھی پرواہ نہیں کی اور ہم پرانے مسلمان جو صدیوں سے مسلمان چلے آتے ہیں کیونکہ ہمارے آباء و اجداد صدیوں سے مسلمان ہیں اور اس کا بڑا اثر ہوتا ہے کہ جو صفت نسل میں چلی آتی ہو اس میں فطرۃً خاص ملکہ ہوتا ہے چنانچہ عالم کے بیٹے کو عالم بننا آسان ہوتا ہے اور طبیب کے بیٹے کو طبیب بننا سہل ہے اور معمار کے بیٹے کو معمار بننا اور نجار کے بیٹے کو نجار بننا، غرض جو کام خاندان میں عرصہ سے ہوتا آرہا ہے اس سے خاندان والوں کو خاص مناسبت ہوجاتی ہے۔ اسی طرح ہمارے آباء و اجداد میں صدیوں سے جب اسلام چلا آرہا ہے تو ہم کو حق تعالیٰ کے ساتھ نومسلموں سے زیادہ تعلق ہونا چاہیے تھا۔ یہی وجہ ہے کہ حق تعالیٰ نے بنی اسرائیل کو قرآن میں بہت لتاڑا ہے کیونکہ ان کے خاندان میں نبوت و علم و معرفت صدیوں سے چلی آرہی تھی۔
(۱۳۱۳ اشرفی جواہرات، صفحہ ۵۴)