
ملفوظات حکیم الامت رحمہ اللہ
February 20, 2025 at 04:18 PM
*ملفوظاتِ حکیم الامت مجدد الملت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ*
*غم ہلکا کرنے کے لیے عجیب تعلیم*
ارشاد فرمایا کہ غم کے ہلکا کرنے کے لیے یہ عجیب تعلیم ہے کہ خدا تعالیٰ کے یہاں کی چیزیں باقی ہیں اور وہی رغبت کے قابل ہیں۔ پھر یہ بھی سوچو کہ آدمی مر کر جاتا کہاں ہے تو اب تو وہ ماعند اللہ میں داخل ہو گیا ہے، پہلے وہ ما عندکم کا مصداق تھا (یعنی اب اللہ کے پاس ہے، پہلے وہ تمہارے پاس تھا) اس وقت وہ فانی تھا اور اب باقی ہوگیا ہے۔ کیونکہ اس موت کے بعد پھر موت نہیں تو اب تو وہ مرنے کے بعد پہلے سے اچھی حیات میں پہنچ گیا، وہ پہلی فانی تھی اور دوسری باقی ہے، پس ہمیں مرغوب شے (مثلاً) اپنے محبوب) سے محبت اس حیثیت سے زیادہ ہونی چاہیے کہ وہ خدا کے پاس ہے، بہ نسبت اس حیثیت کے کہ وہ ہمارے پاس ہے۔ چنانچہ اس مضمون کو ایک بدوی نے خوب سمجھا اور حضرت عباس رضی اللہ عنہ کے انتقال پر حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کی تسلی یوں کی : "اے ابن عباس صبر پر تم کو فانی کے عوض اجر باقی ملا، اور عباس فانی اب عباس باقی ہوگئے یعنی اور زیادہ مرغوب حالت میں ہوگئے تو نہ تمہارا کچھ نقصان ہوا نہ ان کا، پھر کس بات کا غم۔