
ملفوظات حکیم الامت رحمہ اللہ
February 28, 2025 at 01:56 AM
*ملفوظاتِ حکیم الامت مجددالملت حضرت مولانامحمد اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ*
*رمضان کی برکت*
حدیث شریف میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:*ان لربكم نفحات في الدهر فتعرضوا لها*
( ترجمہ: بے شک تمہارے رب کے لئے زمانہ کے اندر فیوض کے جھونکے ہیں، پس تم اس کی جستجو کرو) انسان کو چاہئے کہ ایسے زمانہ کو بہت غنیمت سمجھے۔ جن کی آنکھیں کھلی ہیں وہ رمضان المبارک کے برکات کو کھلی آنکھوں محسوس کرتے ہیں اور جو غافل ہیں ان کو یہ مہینہ اور دوسرے مہینے یکساں معلوم ہوتے ہیں۔ رمضان آیا، اپنی برکات اور انوار کا مینہ (بارش) برسایا اور چلا گیا، ان کو کچھ خبر بھی نہیں۔ ان لوگوں کی ایسی مثال ہے کہ جیسے کوئی شخص مکان کے اندر (سخت گرمی میں) بیٹھا ہے اور باہر یہ حالت ہو کہ ابر آیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلیں اور بارش ہوئی اور لوگ اس سے خوش ہوئے۔ ابر برس کر چلا گیا اور آسمان صاف ہوگیا اور یہ حضرت مکان کے اندر ہی رہے۔ ان کو کچھ بھی خبر نہیں کہ باہر کیا سے کیا ہوگیا۔ رمضان میں تو یہ برکات اور انوار ہوتے ہی ہیں، اور زمانوں میں بھی بعض وقت ایسا ہوتا ہے کہ اس وقت اگر کوئی طالب ہو تو وہ ان برکات سے کہیں سے کہیں جا پہنچتا ہے۔ پس کسی وقت غفلت نہ کرنا چاہئے۔ حق تعالیٰ سے ایک پل بھر بھی غافل نہ ہو۔ ممکن ہے کہ کسی وقت وہ تم پر توجہ فرمائیں اور تم بے خبر ہو۔ سو غفلت اور بے توجہی میں وہ الطاف و عنایات تمہارے
حال پر نہ ہوں گی۔
(احکام رمضان صفحہ ۲۸)