چراغ راہ ✨ Light of Path 📝
چراغ راہ ✨ Light of Path 📝
February 6, 2025 at 06:40 AM
مولانا وحید الزماں کیرانوی رح *(چند یادیں چند باتیں)* ایک بزرگ ،کشیدہ قامت ،دبلے پتلے ،رنگ صاف ،روشن چہرہ سر اور داڑھی کے بال ایک دم سفید،صاف شفّاف سفید لباس میں ملبوس ایک کمرے میں تن تنہا بیٹھے ہوئے ہیں اُن کی چاروں سمت عرب ممالک سے شائع ہوئے والے اخبارات و رسائل بکھرے ہوئے ہیں ،اُن کے ایک ہاتھ میں اسٹیل کی ایک چھوٹی سی قینچی ہے ،سامنے ڈیسک پر ایک عربی رسالہ کھلا ہوا ہے اور انتہائی انہماک سے اُس کے مطالعے میں مصروف ہیں ،دوارن مطالعہ کبھی کبھی وہ قینچی سے رسالے میں سے آدھی انچ کی ایک چٹ کاٹ لیتے ہیں ،اُن کی داہنی جانب لکڑی کا ایک چھوٹا سا بکس ہے اس پر عربی کے حروف تہجی لکھے ہوئے ہیں ،اُن حروف کے نیچے ایک انچ کا لمبا سوراخ ہے ،وہ چٹ کسی سوراخ میں ڈال دیتے ہیں , اسی طرح وہ تمام رسالوں اور اخباروں پر عمل جراحی یکے بعد دیگرے کر رہے ہیں ،برسوں سے اُن کا یہ دلچسپ مشغلہ ہے۔ یہ بزرگ دار العلوم دیوبند کے شعبہ تکمیلِ ادب کے استاد ،جدید عربی ادب اور عربی صحافت کے امام مولانا وحید الزماں کیرانوی ہیں جو جدید عربی کے تصنیف و تالیف میں مصروف ہیں ،لیکِن اس تصنیف کا آغاز قلم کے بجاۓ قینچی سے کیا جارہا ہے ، کوئی بھی اہم منصوبہ اور شاندار کارنامہ جنون کی حدوں تک پہنچی ہوئی جد و جہد کے بغیر وجود میں نہیں آتا ،دنیا کی دلچسپیوں سے صرف نظر کر کے مکمل یکسوئی اور انہماک ہی کامیابی کی کلید ہوتی ہے ،قیس ریگستان میں انگلیوں سے کُچھ لکھ رہا تھا اور سر دھن رہا ہے لوگوں نے اس کو دیوانہ کہا چھیڑنے کے لیے پوچھا اس کڑی دھوپ میں کیا فضول کام کر رہے ہو ؟ گفت ما مشق نام ليلی می کنیم کمال عشق کے لئے دیوانگی ضروری ہے کُچھ ایسا ہی منظر مولانا کیرانوی کے انہماک کا ہے ،برسہا برس کی شبانہ روز کی جاں گسل جد و جہد جدید عربی کو تین لغتیں مرتب کیں جو ہندستان اور پاکستان میں اپنی نوعیت کی سب سے پہلی لغتیں ہیں آج یہ لغتیں تمام مدارس اسلامیہ اور جدید علوم کی یونیورسٹیوں کے شعبہ عربی کی لائبریریوں میں موجود ہیں اُن کے بغیر جدید عربی صحافت کے میدان میں کوئی ایک قدم آگے بڑھانے کی ہمت نہیں رکھتا.! *(افکار عالم ج ۲ ص ۱۳۶.۱۳۷)* *پیش کش دانش کدہ*
❤️ 1

Comments