e-Learn News
e-Learn News
February 20, 2025 at 03:36 PM
*_✍️ سولرپینل یا سولر پلیٹ سے بجلی کس طرح بنتی ہے..!!!* سولر پینل یا پلیٹ چھوٹے چھوٹے سولر سیلز پر مشتمل ہوتے ہیں جو سیلیکون سے بنائے جاتے ہیں ‘ سیلیکون ایک سیمی کنڈکٹر Semi conductor یعنی نیم موصل ہے اور یہ زمین میں عام اور بڑی مقدار میں پایا جاتا ھے۔ سولر سیلز میں سلیکون کی قلموں کو دو کنڈکٹرز یعنی موصل پلیٹوں کے درمیان رکھا جاتا ہے ۔ سلیکون کا ہر ایٹم اپنے چار قریبی ایٹموں سے مضبوط بانڈز کے ساتھ جڑا ہوتا ہے ۔ یہ بانڈز الیکٹرانز کو ایک جگہ جکڑے رکھتے ہیں جس کی وجہ سے سیلیکوں میں الیکٹران کا بہاؤ نہیں ہو پاتا ھے۔ { جب تک کوئی بیرونی طاقت ( سورج کی روشنی / فوٹان ) ان میں حرکت نا پیدا کرے } سولر سیل سیلیکون کی دو تہیں استعمال کرتا ہے N یعنی نیگیٹیو یا منفی قسم کی تہہ میں الکٹرانز کی زیادتی ہوتی ہے اور P یعنی پازیٹیو یا مثبت قسم کہ تہہ میں الیکٹرانز کی کمی ہوتی ہے اور الیکٹرانز کی چھوڑی ہوئی خالی جگہیں موجود ہوتی ہیں جنہیں سوراخ یا holes کہا جاسکتا ہے جہاں یہ دو تہیں ملتی ہیں وہاں الیکٹران اس پی اور این کے جوڑ یا جنکشن میں سے گذر سکتے ہیں جس وجہ سے ایک تہہ پر مثبت اور دوسری تہہ پر منفی چارج پیدا ہوجاتا ہے ۔ ہم روشنی کو بہت چھوٹے ذروں کی بوچھاڑ سمجھ سکتے ہیں جو سورج سے خارج ہورہے ہیں۔ ان ذروں کو فوٹونز کہا جاتا ہے جب مناسب توانائی کا ایک فوٹون اس سلیکون سے ٹکراتا ہے تو یہ ایک الیکٹران کو اپنے بانڈ سے نکال باہر کرتا ہے اور وہاں ایک سوراخ یعنی ہول رہ جاتا ہے یہ الیکٹران جو منفی چارج رکھتا ہے اور سوراخ جو مثبت چارج رکھتا ہے دونوں آزادی سے سیلیکون میں گھوم پھر سکتے ہیں لیکن پی- این جنکشن پر موجود چارج کی وجہ سے یہ صرف ایک ہی سمت میں سفر کرپاتے ہیں ۔ الیکٹران اپنے منفی چارج کی وجہ سے مثبتP کی جانب کھنچا چلا جاتا ہے اور ہول اپنے مثبت چارج کی وجہ سے منفی N کی جانب جاتا ہے ۔یہ آزاد الیکٹرانز سیل کے اوپر موجود دھات کی بنی ہوئی پتلی پتلی پتریوں( strips )میں سے گذرتے ہوئے بیرونی سرکٹ کی طرف بجلی کی کرنٹ کی صورت میں بہنے لگتے ہیں- یہ الیکٹرانز اس سرکٹ سے گذر کر سولر سیل پر ایلومینیم کی بنی موصل سطح پر واپس آجاتے ہیں ہر سولر سیل صرف آدھا وولٹ کا پوٹینشل تخلیق کرتا ہے تاہم بہت سے سولر سیلز کو ایل لڑی میں لگا کر ہم اس وولٹیج کو بڑھا سکتے ہیں۔ بارہ سولر سیل مل کر ایک ماڈیول بناتے ہیں جو ایک سیل فون کو چارج کرنے کے لیے کافی ہوتے ہیں ۔ کسی بھی گھر یا دفتر کی توانائی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے ایسے بہت سے ماڈیولز کو اکٹھا نصب کیا جاتا ہے۔ سولر سیل میں صرف ایک چیز حرکت کرتی ہے اور وہ ہیں الیکٹرانز جو اپنا کام کرنے کے بعد اسی سیل میں لوٹ جاتے ہیں جہاں سے یہ خارج ہوئے تھے۔ اس میں کوئی ایسی چیز نہیں جو وقت کے ساتھ ختم ہوجائے یا بوسیدہ ہوجائے لہذاسولر سیلز کو اگر جسمانی توڑ پھوڑ سے محفوظ رکھا جائے تو یہ بیسیوں سال تک کام کرسکتے ہیں۔ تحریر وترتیب! عتیق الرحمن
👍 ❤️ 5

Comments