Tribal News Urdu
February 9, 2025 at 07:44 AM
کراچی میں ڈمپر نے موٹرسائیکل پر سوار بہن بھائی کو کچل ڈالا۔
کراچی : کراچی میں ایک بار پھر بے قابو خونی ڈمپر لوگوں کی جانوں سے کھیلنے لگے، شاہ لطیف ٹاؤن میں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو ٹکر مار دی۔
حادثے میں موٹرسائیکل سوار بھائی جاں بحق اور اس کی بہن شدید زخمی ہوگئی، نوجوان کی لاش کو قانونی کارروائی اور زخمی لڑکی کو طبی امداد کیلیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ خونی ڈمپر سے کچل کر جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 24 سالہ حسنین جبکہ زخمی لڑکی کی شناخت 13 سالہ حجاب کے نام سے ہوئی ہے۔
اس حوالے سے متوفی حسنین کے دوست سید عمیس نے میڈیا کو بتایا کہ حادثہ متین کمپلکس نیشنل ہائی وے پر پیش آیا۔ سید عمیس کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والی 13 سالہ حجاب مارشل آرٹ کی کھلاڑی ہے اور اس نے آج ہی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
مقابلہ جیتنے کی خوشی میں حسنین اپنی بہن کو کھانا کھلانے لے جا رہا تھا کہ راستے میں حسنین کی موٹر سائیکل کو تیز رفتار ڈمپر نے ٹکر ماری۔
متوفی کے دوست سید عمیس نے بتایا کہ حسنین اور حجاب لانڈھی 36 بی کے رہائشی ہیں، متوفی والدین کا اکلوتا بیٹا اور دو بہنوں کا بھائی تھا۔
حسنین کے والد سعودی عرب میں ملازمت کرتے ہیں، متوفی انٹر کا طالب علم تھا جبکہ اس کی بہن حجاب ساتویں کلاس کی طالبہ ہے۔
https://t.me/TribalNewsUrdu_1