
Zavia News
February 26, 2025 at 04:15 AM
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد اور شمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں جیسے دیر، چترال، کوہستان، سوات، شانگلہ اور مانسہرہ میں بھی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے، خصوصاً راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں۔
بلوچستان میں بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، مگر کوئٹہ، چمن، زیارت اور پشین میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ برفباری کی وجہ سے سڑکوں کی بندش اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑ سکتا ہے۔ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، کشمیر، گلگت بلتستان اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ہے، اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
#weatheralert #rain #snowfall #zavianews #pakistan