سبق آموز تحریریں ♥️
سبق آموز تحریریں ♥️
May 30, 2025 at 12:42 PM
*مخصوص اعمال جو مخصوص مصیبتوں سے نجات دلاتے ہیں* ابو عبداللہ حکیم ترمذی رح نے اپنی کتاب نوادر الأصول میں یہ بات ذکر کی ہے کہ صحابہ رضی اللّٰہ عنہ کی ایک جماعت حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئی، آپ نے مسجد نبوی میں فرمایا: "گزشتہ رات میں نے عجیب باتیں دیکھیں۔ میں نے دیکھا کہ میرے ایک اُمتی کو عذابِ قبر نے گھیر رکھا ہے، آخر اس کے وضو نے آ کر اسے چھڑا لیا۔ میں نے ایک اُمتی کو دیکھا کہ شیطان نے اسے وحشی بنا رکھا ہے لیکن ذکرِ اللہ نے آ کر اسے خلاصی دلوائی۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ عذاب کے فرشتوں نے اسے گھیر رکھا ہے، اس کی نماز نے آ کر اسے بچا لیا۔ ایک کو دیکھا کہ پیاس کی شدت سے ہلاک ہو رہا ہے، جب حوض پر جاتا ہے تو دھکے لگتے ہیں، اس کا روزہ آیا اور اسے پانی پلا کر آسودہ کر دیا۔ میں نے ایک اُمتی کو دیکھا کہ انبیاء حلقے باندھ باندھ کر بیٹھے ہیں، یہ جس حلقے میں بیٹھنا چاہتا ہے وہاں والے اُسے اٹھا دیتے ہیں، اس وقت اس کا غسلِ جنابت آیا اور اس کا ہاتھ پکڑ کر میرے پاس بٹھا دیا۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ چاروں طرف سے اندھیرا گھیرے ہوئے ہے اور وہ اوپر نیچے سے بھی اس میں گھرا ہوا ہے، کہ اس کا حج اور عمرہ آئے اور اسے اس اندھیرے سے نکال کر نور میں پہنچا دیا۔ ایک اُمتی کو دیکھا کہ وہ مومنوں سے کلام کرنا چاہتا ہے لیکن وہ اس سے بات نہیں کرتے، اسی وقت صلہ رحمی آئی اور اعلان کیا کہ اس سے بات چیت کرو، چنانچہ وہ بات چیت کرنے لگے۔ ایک اور اُمتی کو دیکھا کہ وہ اپنے منہ سے آگ کے شعلے ہٹانے کے لیے ہاتھ بڑھا رہا ہے، اتنے میں اس کی خیرات آئی اور اس کے منہ پر پردہ اور اوٹ بن گئی، اور اس کے سر پر سایہ بن گیا۔ میں نے اپنے ایک اُمتی کو دیکھا کہ عذاب کے فرشتوں نے اسے ہر طرف سے قید کر لیا ہے، لیکن اس کا نیکی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا آیا اور ان کے ہاتھوں سے چھڑا کر رحمت کے فرشتوں سے ملا دیا۔ میں نے ایک اُمتی کو دیکھا کہ گھٹنوں کے بل گرا ہوا ہے اور اللہ تعالیٰ اور اس کے درمیان حجاب ہے، اس کے اچھے اخلاق آئے اور اس کا ہاتھ پکڑ کر اللہ تعالیٰ کے قریب پہنچا دیا۔ میں نے ایک اُمتی کو دیکھا کہ اس کا نامۂ اعمال اس کے بائیں ہاتھ میں آ رہا ہے، لیکن اس کا خوفِ خدا آیا اور اسے اس کے سامنے کر دیا۔ میں نے ایک اُمتی کو جہنم کے کنارے کھڑا دیکھا، اس وقت اس کا اللہ سے کپکپانا آیا اور اسے جہنم سے بچا لیا۔ میں نے ایک اُمتی کو دیکھا کہ اسے اوندھا کر کے جہنم میں پھینکنے کا حکم دیا جا رہا ہے، لیکن اسی وقت خوفِ خدا سے رونا آیا اور ان آنسوؤں نے اسے بچا لیا۔ میں نے ایک اُمتی کو دیکھا کہ وہ پل صراط پر لڑکھڑا رہا ہے، اس وقت اس کا مجھ پر درود پڑھنا آیا، اس نے ہاتھ تھام کر سیدھا کر دیا اور وہ پار اُتر گیا۔ میں نے ایک کو دیکھا کہ وہ جنت کے دروازے پر پہنچا لیکن دروازہ بند ہو گیا، اس وقت لا الہ الا اللہ کی شہادت آئی اور دروازے کھلوا دیے اور اسے جنت میں پہنچا دیا۔" امام قرطبی رحمتہ اللہ نے اس حدیث کو ذکر کر کے فرمایا ہے کہ یہ حدیث بہت بڑی ہے، اس میں ان مخصوص اعمال کا ذکر ہے جو مخصوص مصیبتوں سے نجات دلوانے والے ہیں۔ (تفسیر ابن کثیر، جلد ۷) ♥️ 👍
❤️ 👍 🌹 🫀 😢 🙏 🤲 😂 202

Comments