ᑭ ᑌ K ᗩ ᗩ ᖇ    ᑎ E ᗯ 𝐒   QTᗩ
ᑭ ᑌ K ᗩ ᗩ ᖇ ᑎ E ᗯ 𝐒 QTᗩ
June 10, 2025 at 06:02 AM
*وفاقی بجٹ آج، تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی توقع* وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا، تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی توقع ہے۔ قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج شام پانچ بجے ہوگا، اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوگا، اجلاس کا ایجنڈا چار نکات پر مشتمل ہے۔ تلاوت، حدیث، نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ ایجنڈے کا پہلا حصہ ہے، قومی ترانے کے بعد اسپیکر کی اجازت سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفاقی بجٹ 2025-26 پیش کریں گے۔ وزیر خزانہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی اجازت سے محاصل سمیت دیگر دستاویزات قومی اسمبلی میں پیش کریں گے، وزیر خزانہ مالیاتی بل 2025 بھی قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔ آج تقریباً 17600 ارب روپے(176 کھرب) حجم کا وفاقی بجٹ 2025,26 پیش کیا جائے گا، آئندہ مالی سال کیلئے مجموعی آمدن کا تخمینہ 19 ہزار 400 ارب مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ وفاقی بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کیلئے 4 تجاویز ہیں،گریڈ 1 سے 16 تک ملازمین کیلئے 30 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس کی تجویز ہے،مہنگائی کے تناسب سے بجٹ میں تنخواہ اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔ گزشتہ دو ایڈہاک میں سے 1 ایڈہاک تنخواہوں میں ضم کرنے کی بھی تجویز ہے، 1 سے 16 تک ڈسپیرٹی الاؤنس پر گریڈ 17 سے 22 تک 15 فیصد اضافے کی بھی تجویز ہے، آرمڈ فورسز کو کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم سے مستثنیٰ رکھنے کی بھی تجویز ہے، ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کیلئے حتمی فیصلہ بجٹ سے قبل وفاقی کابینہ کرے گی۔ مالی سال 2025,26 کیلئے ٹیکس وصولی کا ہدف 14 ہزار 130 ارب مقررکئے جانے کا امکان ہے، 6 ہزار 470 ارب روپے ڈائریکٹ ٹیکس کی مد میں جمع کیے جائیں گے،فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 1153 ارب روپے وصولیوں کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے 7 ہزار سے زائد ٹیرف لائنز پر ڈیوٹی میں کمی متوقع ہے، ذرائع کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کیلئے پراپرٹی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز ہے، اوورسیز کیلئے پراپرٹی پر ٹیکس چھوٹ کیلئے این او سی کی پابندی ختم کئے جانے کا امکان ہے۔ رئیل اسٹیٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی بھی تجویز ہے،یکم جولائی سے پراپرٹی کی خریداری پر ایف ای ڈی ختم کئے جانے کا امکان ہے، پراپرٹی کی خریداری پر لیٹ فائلرز، نان فائلرز کیلئے ایف ای ڈی میں ردوبدل کی تجاویز ہیں، ایف ای ڈی کے خاتمے سے تعمیراتی شعبے کی ترقی اور اضافی ٹیکس جمع ہو سکے گا۔ بجٹ میں پراپرٹی کے لین دین پر بھی ودہولڈنگ ٹیکس میں ردوبدل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، یکم جولائی سے رئیل اسٹیٹ سے وابستہ بلڈرز اور ڈویلپرز کو رجسٹرڈ کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔

Comments