خانقاہ حفیظیہ مکیہ کراچی
May 21, 2025 at 09:29 AM
::: نئی قانون سازی اور کم عمری کی شادیاں :::
محمد فیاض خان سواتی
" حال ہی میں قومی اسمبلی سے ایک بل منظور ہوا ہے کہ 18 سال سے کم عمری کی شادیاں قابلِ جرم ہیں ، جو سراسر شریعتِ اسلامیہ کے منافی قانون سازی ہے ، آئے روز کچھ لوگ کم عمری کی شادیوں کی آڑ میں جناب رسول اکرمؐ اور ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا کی شادی کو بھی زیرِ بحث لے آتے ہیں اور پھر اس ضمن میں بھانت بھانت کی بولیاں بولتے ہیں ، حتٰی کہ بسا اوقات ان کے ادب و آداب کو بھی بالائے طاق رکھ دیتے ہیں اور پھر قرآنِ کریم اور احادیثِ صحیحہ کو اپنی عقلِ نارسا کی کسوٹی پر پرکھتے ہوئے رُواتِ حدیث اور تمام امت کے اجماعی نظریہ کو رد کرتے ہوئے اخلاق سے گرے ہوئے طعنے اور عجیب و غریب دعوے بھی کر دیتے ہیں ، اس پوسٹ میں احبابِ کرام کے سامنے صرف چند وہ حوالہ جات پیش کئے جا رہے ہیں جن میں کم عمری کی شادیوں کا ذکر ہے ، ملاحظہ فرمائیں ۔
(1) ڈاکٹر وھبہ الزحیلی رح لکھتے ہیں ۔
'' نبی اکرمؐ کی شادی حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنھا کے ساتھ ان کی صغر سنی میں ہوئی ، وہ خود کہتی ہیں کہ میرے ساتھ نبیؐ نے نکاح کیا تو میں چھ سال کی تھی اور رخصتی کے وقت میں نو برس کی تھی اور یہ شادی ابو بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کی تھی ۔''
یہاں یہ بات بھی ملحوظ رہے کہ ام المؤمنین کا یہ بیان بخاری شریف کی احادیثِ صحیحہ میں موجود ہے ، جسے تمام امت نے قبول کیا ہے ، اور پھر ام المؤمنین کا اپنا فقہی فتویٰ بھی موجود ہے ، جسے امام ترمذیؒ نے " ترمذی شریف " ابواب النکاح ج 1 ص 211 میں نقل کیا ہے ۔
فرماتی ہیں ۔
'' جب لڑکی نو سال کی عمر کو پہنچ جائے تو وہ عورت ہوتی ہے ۔"
(2) ڈاکٹر وھبہ الزحیلی رح مزید لکھتے ہیں کہ
'' حضور نبی اکرمؐ نے اپنے چچا حمزہ رضی اللہ عنہ کی بیٹی کا نکاح ابو سلمہ کے بیٹے سے کرایا اور وہ دونوں چھوٹے تھے ۔"
(3) حضرت علی رضی اللہ عنہ نے اپنی بیٹی ام کلثوم کا صغر سنی میں نکاح عروہ بن الزبیر سے کرایا ۔
(4) عروہ بن الزبیر نے اپنی بھتیجی کا عقد اپنے بھتیجے سے کرایا اور وہ دونوں چھوٹے تھے ۔
(5) ایک آدمی نے اپنی چھوٹی بیٹی عبداللہ بن الحسن بن علی کو ہبہ کی اور حضرت علی رضی اللہ عنہ نے اس کی اجازت دی ۔
(6) ایک عورت نے اپنی چھوٹی بیٹی کا نکاح مسیب بن نخبۃ کے بیٹے کے ساتھ کیا تو اس کے خاوند حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے اس کی اجازت دی ۔
مندرجہ بالا تمام حوالہ جات " الفقہ الاسلامی وادلتہ " عربی جلد 9 ص 6683 طبع کوئٹہ میں موجود ہیں ۔
(7) ام کلثوم بنت علی رضی اللہ عنھا کا نکاح کم سنی میں حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے ہوا ۔
(السنن الکبریٰ للبیھقی نمبر 1317)
(8) حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی بیٹی ہند کا نکاح عبد اللہ بن عامر بن کریز سے ہوا اور نو سال کی عمر میں رخصتی کی گئی ۔
(ابن عساکر تاریخ دمشق جلد 70 صفحہ 188)
(9) حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ اپنے والد حضرت عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ سے عمر میں صرف بارہ سال چھوٹے تھے ۔
(المعارف لابن قتیبہ صفحہ 276)
(10) ابو عاصم النبیل رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میری والدہ ایک سو دس ہجری میں پیدا ہوئیں اور میں 122ھ میں پیدا ہوا ۔
(سیر اعلام النبلاء جلد 7 رقم 1627)
(11) امام دار قطنی رحمہ اللہ نے ایک واقعہ نقل کیا ہے کہ عباد بن عباد المھلبی فرماتے ہیں کہ میں نے ایک عورت کو دیکھا وہ اٹھارہ سال کی عمر میں نانی بن گئی ، نو سال کی عمر میں اس نے بیٹی کو جنم دیا اور اس کی بیٹی نے بھی نو سال کی عمر میں بچے کو جنم دیا ۔
(سنن دار قطنی جلد 3 کتاب النکاح ص 323)
(12) امام شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں میں نے مدینہ میں ایک 21 سالہ لڑکی کو دیکھا جو دادی تھی ۔
(تہذیب تاریخ دمشق الکبیر جلد 1 صفحہ 440 طبع بیروت)
(13) حضرت ملا علی القاری رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ بنت زبیر کا نکاح قدامہ بن مظعون کے ساتھ اس دن ہوا جس دن وہ پیدا ہوئی ۔
(المرقات المفاتیح جلد 6 صفحہ 206)
(14) عبد اللہ بن صالح کہتے ہیں کہ ان کے پڑوس میں ایک عورت نو سال کی عمر میں حاملہ ہوئی اور اس روایت میں یہ بھی درج ہے کہ ایک آدمی نے ان کو بتایا کہ اس کی بیٹی دس سال کی عمر میں حاملہ ہوئی ۔ (کامل لابن عدی جلد 5 رقم 1015)
(15) ایک سے زائد صحابہ رضی اللہ عنھم نے اپنی نابالغ لڑکیوں کا نکاح کیا ۔
(ترکمانی علی البیھقی جلد 1 صفحہ 76 تا 79)
اس کے علاوہ بیشمار حوالہ جات اس موضوع پر موجود ہیں ، اس لئے کسی کا یہ دعویٰ کہ صحابہ کرام رض ، تابعین عظامؒ اور امت کے لوگوں میں کم سنی کی شادیوں کا رواج نہیں رہا غلط محض ہے ۔
اللہ کریم ہمارے تمام اراکینِ اسمبلی کو ہدایت دے کہ وہ قرونِ اولیٰ کی ان بزرگ ہستیوں کی شادیوں پر حرف گیری کا ذریعہ نہ بنیں ۔"
*خانقاہ حفیظیہ مکیہ واٹس ایپ چینل لنک*
https://whatsapp.com/channel/0029VaDHIxX23n3lFNJlxA00
*خانقاہ حفیظیہ مکیہ فیس بک پیج لنک*
https://www.facebook.com/share/1EDRS8E6sX/
🌹 ✍🏻ㅤ 📩 📤
ˡᶦᵏᵉ ᶜᵒᵐᵐᵉⁿᵗ ˢᵃᵛᵉ ˢʰᵃʳᵉ