
Etemad News
June 8, 2025 at 12:27 PM
*غزہ پر صہیونی بمباری، سرکردہ فلسطینی مزاحمتی کمانڈر اسعد ابو شریعہ اپنے بھائی سمیت شہید*
غزہ – غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے اعتماد نیوز کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم "حرکت المجاہدین” کے سیکرٹری جنرل، بانی اور عسکری و فکری رہنما، ڈاکٹر اسعد عطیہ ابو شریعہ المعروف "ابو الشیخ” ہفتے کی شام قابض اسرائیل کی ایک وحشیانہ فضائی بمباری میں شہید ہو گئے۔ یہ بمباری غزہ کے جنوبی علاقے، محصور محلے "الصبرہ” پر کی گئی، جس میں شہید کے بھائی اور تحریک کے ایک اور اہم قائد احمد عطیہ ابو شریعہ "ابو فلسطین” بھی شہید ہو گئے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق یہ صہیونی حملہ ایک کھلی اور بزدلانہ درندگی ہے، جس کا مقصد فلسطینی مزاحمت کی قیادت کو نشانہ بنانا ہے۔ حملے میں ابو شریعہ خاندان کے کئی دیگر افراد بھی جامِ شہادت نوش کر گئے، اور یوں پورے خاندان کے وجود پر قابض اسرائیل نے موت کی مہر ثبت کرنے کی کوشش کی۔
بیان میں شہید ڈاکٹر اسعد ابو شریعہ کو فلسطینی مزاحمت کا ستون ایک مجاہد قائد اور اسلامی مفکر قرار دیا گیا ہے جنہوں نے کئی دہائیوں تک قابض دشمن کے خلاف عملی میدان میں قیادت کی۔ وہ متعدد بار قابض اسرائیلی ریاست کی جانب سے شہید کیے جانے کی کوششوں میں شدید زخمی ہوئے، مگر ان کے قدم کبھی متزلزل نہ ہوئے۔
شہید ابو شریعہ "طوفان الاقصیٰ” کی معرکہ آرائی سے قبل ہی اپنے پانچ بھائیوں کی قربانی دے چکے تھے۔ جبکہ جاری جنگ میں وہ اپنی اہلیہ، بیٹے، بھائی اور خاندان کے کئی افراد کو قربان کر چکے تھے۔ ہر سانحہ ان کے حوصلے کو مزید جِلا دیتا رہا۔
حرکت المجاہدین کے مطابق ڈاکٹر اسعد ابو شریعہ کی قیادت میں فلسطینی جہاد کو ایک نیا فکری اور عملی رُخ ملا، جس کی جھلک غزہ، القدس، جنین، طولکرم، الخلیل، بیت لحم، بئر السبع اور الرملہ سمیت تمام محاذوں پر دیکھی جا سکتی ہے۔ ان کی زندگی فلسطینی قوم کی مزاحمت کی ایک عملی تفسیر تھی۔
بیان میں تحریک نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اس طرح کی درندہ صہیونی کارروائیاں مزاحمت کی راہ روک نہیں سکتیں۔ خون کا ایک ایک قطرہ ہماری جدوجہد کو اور طاقت دے گا، اور یہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک سرزمین فلسطین مکمل طور پر آزاد نہ ہو جائے اور مظلوموں کو ان کا حق نہ مل جائے۔
https://whatsapp.com/channel/0029VanFZjs2ER6hj6ghlA2S
