اردو تحـــــــاریــــــر💌 📚📝
June 8, 2025 at 08:10 AM
خالدہ آج سے پندرہ برس قبل ہمارے گھر کام کرتی تھی ،.
https://whatsapp.com/channel/0029Va7OLGd1Hspvf0pbwx3K
. پھر موٹاپے اور جگر کے عارضے میں مبتلا ہوئی تو کام چھوڑ دیا اب صرف ہر عید پہ عیدی وغیرہ لینے آتی ہے ۔ اس کے حصے کا گوشت میں فریز کردیتی ہوں دوسرے یا تیسرے روز آ کر لے جاتی ہے ۔
پچھلے سال آئی تو ہاتھ میں گوشت کا شاپر تھا ۔ کپڑے بھیگے ہوئے تھے ، آستینوں اور شلوار کے پائنچوں سے ایسا لگ رہا تھا کہ کوئی دھونے دھلانے والا کام کرکے آئی ہے۔
میں نے پہلے اسے کھانا دیا اور پوچھا کپڑے کیوں گیلے ہیں ، کیا برتن یا کپڑے دھو کر آ رہی ہو؟ گھر تو تمہارا کافی دور ہے۔
بولی : نہیں ، اسی گلی میں ایک گھر سے گوشت لینے گئی ، وہ بھی ہر سال میرے لیے رکھتے ہیں ، باجی نے کہا گیراج دھلوا دو ، سارا گیراج اور ریمپ دھویا ، وائپر لگایا ، پھر کچھ برتن پڑے تھے ، انہوں نے کہا وہ دھو دو ، برتن بھی دھوئے پھر ۔۔۔ بس اسی میں سارے کپڑے گیلے ہوگئے ۔
اوہ اچھا ! چلو کوئی بات نہیں ، ان کی بھی مدد ہوگئی اور تمہارے بھی کچھ پیسے بن گئے ۔
پیسے تو نہیں جی، یہ گوشت ہی دیا ہے انہوں نے ۔ اس نے شاپر آگے کرکے دکھایا ۔
تو کیا کام کراونے کے پیسے نہیں دیے ؟
نہیں جی ، کہہ رہی تھیں یہ تمہارے لیے زیادہ سا گوشت رکھ دیا تھا ، یہ لیتی جانا ۔
کچھ دیر بعد وہ اپنا گوشت کا پیکٹ لے کر چلی گئی۔ اور میں سوچ رہی تھی کہ کیا صدقہ خیرات کی مد میں بھی دوسروں سے کام کروا لیتے ہیں ؟ یہ قربانی کا گوشت اللہ کی راہ میں دینا تھا تو اس غریب سے اتنا کام کروا کے کیوں دیا ؟ اگر کام کروایا تو اس کا معاوضہ الگ بنتا تھا کہ قربانی کا گوشت تو بطور اجرت بھی قصائی کو نہیں دے سکتے ۔
اسی دن پتا چلا کہ انہوں نے دو بکرے اور ایک گائے قربان کی ہے ، جن کی قیمت شاید لاکھوں میں بنتی ہے مگر اس حق دار کو اس کے کام کے بدلے پانچ سو دینے کی توفیق نہ ہوئی ، قربانی کی چند بوٹیوں پہ سارا گھر دھلوا لیا ۔
ایک ایسی بھی خاتون ہیں جن کو میں قریب سے جانتی ہوں ، ان کو ان کی نند امریکہ سے زکوٰۃ اور صدقات میں اچھی خاصی رقم بھیجا کرتی تھیں کہ یہ ایک دو سفید پوش گھرانوں میں تقسیم کردیا کریں ، وہ جس خاتون کو رقم دیتی پہلے اس سے گھر کا سارا کام کرواتی ، حتی کہ سردیوں میں قالینیں تک دھلواتی اور معاوضے کے طور پر نند کے زکوٰۃ کے پیسوں سے دے کر احسان چڑھا دیتی اور سوچتی کہ ثواب بھی مل گیا ۔ میں نے ذاتی طور پر بھی اس خاتون کو سمجھایا مگر وہ باز نہ آئی ، کہنے لگی میرا تو مفت ان لوگوں کو پیسے دینے کو جی نہیں چاہتا ۔۔۔۔ تو میں نے معاملہ خدا پر چھوڑ دیا ۔
لیکن میں نے ایسے سخی لوگ بھی دیکھے ہیں جو تھوڑے سے کام پر زیادہ معاوضہ دے کر اللہ کو خوش کردیتے ہیں اور ان جیسے بھی ۔۔۔ اور ایسے لوگ بھی ہیں جو کسی کا حق مار کر لاکھوں کے بیل اور بکرے قربان کرکے سمجھتے ہیں ثواب مل گیا ۔
کسی کے ساتھ حقوق کے معاملے میں زیادتی ، ایک ایسا بوجھ ہے جو تاعمر کندھوں سے نہیں اترے گا۔ یہ قرض ہے جس کا ادا کرنا ضروری ہے ۔ آپ لاکھ قربانیاں ، زکوٰۃ ، صدقات اور خیرات دیں ۔۔۔ کسی محنت کش کی محنت دبا لی ۔۔۔ تو سب ضائع ہوگیا ۔ کھونٹے سے چاہے کتنے بڑے بڑے جانور باندھ لیں ، خدا کے ہاں گوشت اور خون تھوڑی پہنچتا ہے ۔۔۔ بات تو آپ کے معاملات پہ آ کر رکتی ہے ۔
تحریر،،آصفہ عنبرین قاضی
انتخاب،، عابد چوہدری
❤️
😢
👍
❤
🙏
🇵🇸
🌸
💯
😡
34