Raah E Haq (راہِ حق): Spreading the Light of Qur'aan & Sunnah | Authentic Posts | Pure Knowledge
Raah E Haq (راہِ حق): Spreading the Light of Qur'aan & Sunnah | Authentic Posts | Pure Knowledge
June 10, 2025 at 12:12 AM
*مظلومِ مدینہ، شہیدِ اعظم:* میں تاریخ سے لڑنا نہیں چاہتا، اگر تاریخ کہے سیدنا حسینؓ کا پانی 10 دن بند رہا تب بھی ٹھیک اگر تاریخ کہے سیدنا حسینؓ کا پانی 3 دن بند رہا تب بھی ٹھیک، میرا نظریہ ہے کہ سیدنا حسینؓ کا پانی بند نہ بھی کیا گیا ہو تب بھی نواسہ رسولﷺ سیدنا حسینؓ مظلوم ہیں۔ میں تاریخ کو چھیڑنے کی بجائے تاریخ کا مطالعہ کرتا ہوں تو مجھے نظر آتا ہے کہ اسلام کی تاریخ میں صرف سیدنا حسینؓ کی ہی شہادت مظلومانہ یا درد ناک نہیں بلکہ اگر ہم 10 محرم کی طرف جاتے ہوئے راستے میں 18 ذی الحجہ کی تاریخ پڑھیں تو ایک ایسی مظلومانہ اور درد ناک شہادت دکھائی دیتی ہے جس میں شہید ہونے والے کا نام *سیدنا عثمانؓ* ہے۔ جی ہاں وہی عثمانؓ جنہیں ہم ذوالنورین کہتے ہیں، وہی عثمانؓ جسے ہم دامادِ مصطفیﷺ کہتے ہیں، وہی عثمانؓ جسے ہم جامع القرآن کہتے ہیں، وہی عثمانؓ جسے ہم خلیفہ سوم کہتے ہیں، وہی عثمانؓ جو سیدنا علیؓ کی شادی کا سارا خرچہ اٹھاتے ہیں، وہی عثمانؓ جس کی حفاظت کے لیے سیدنا علیؓ اپنے بیٹے حضرت حسینؓ کو بھیجتے ہیں، وہی عثمانؓ جسے رسولﷺ کا دوہرا داماد ہونے کا شرف حاصل ہے۔ خیر یہ باتیں تو آپکو علماء و خطباء حضرات بتاتے رہتے ہیں، کیونکہ سیدنا عثمانؓ کی شان تو بیان کی جاتی ہے، سیدنا عثمانؓ کی سیرت تو بیان کی جاتی ہے، سیدنا عثمانؓ کی شرم و حیا کے تذکرے تو کیے جاتے ہیں، ان کے قبل از اسلام اور بعد از اسلام کے واقعات سنائے جاتے ہیں لیکن بد قسمتی ہے یہ کہ ان کی مظلومیت کو بیان نہیں کیا جاتا انکی دردناک شہادت کے قصہ کو عوام کے سامنے نہیں لایا جاتا۔ تاریخ کی چیخیں نکل جائیں اگر عثمانؓ کی مظلومیت کا ذکر کیا جائے، میں اتنا جانتا ہوں کہ عثمانؓ وہ مظلوم تھا جس کا 40 دن پانی بند رکھا گیا، سیدنا عثمانؓ قید میں تھے تو پیاس کی شدت سے جب نڈھال ہوئے تو آواز لگائی ہے کوئی جو مجھے پانی پلائے؟ سیدنا علیؓ کو پتہ چلا تو مشکیزہ لے کر عثمانؓ کا ساقی بن کر پانی پلانے آ رہے ہیں، آج کربلا میں عباس کے مشکیزہ پر برسنے والے تیروں کا ذکر تو ہوتا ہے لیکن سیدنا علیؓ کے مشکیزہ پر برسنے والے تیروں کا ذکر نہیں ہوتا، باغیوں نے سیدنا علیؓ کے مشکیزہ پر تیر برسانے شروع کیے تو علیؓ نے اپنا عمامہ ہوا میں اچھالا تا کہ عثمانؓ کی نظر پڑے اور کل قیامت کے روز عثمانؓ اللہ کو شکایت نا لگا سکے کہ اللہ میرے ہونٹ جب پیاسے تھے تو تیری مخلوق سے مجھے کوئی پانی پلانے نہ آیا، کربلا میں حسینؓ کے ساقی اگر عباس تھے تو مدینہ میں عثمانؓ کے ساقی علیؓ تھے، آج وہ عثمانؓ پانی کو ترس رہا ہے جو کبھی امت کے لیے پانی کے کنویں خریدا کرتا تھا، اس عثمانؓ کو 40 دن ہو گئے ایک گھر میں بند کیے ہوئے جو عثمانؓ مسجد نبوی کے لیے جگہ خریدا کرتا تھا، آج وہ عثمانؓ کسی سے ملاقات نہیں کرسکتا جس کی محفل میں بیٹھنے کے لیے صحابہؓ جوق در جوق آیا کرتے تھے، 40 دن گزر گئے اس عثمانؓ کو کھانا نہیں ملا جو اناج سے بھرے اونٹ نبیﷺ کی خدمت میں پیش کر دیا کرتا تھا، آج اس عثمانؓ کی داڑھی کھینچی جا رہی ہے جس عثمانؓ سے آسمان کے فرشتے بھی حیا کرتے تھے، آج اس عثمانؓ پر ظلم کیا جارہا ہے جو کبھی غزوہ احد میں نبی کریمﷺ کا محافظ تھا، آج اس عثمانؓ کا وہ ہاتھ کاٹ دیا گیا جس ہاتھ سے آپﷺ کی بیعت کی تھی عثمانؓ میں نقطہ دان نہیں جو تیری شہادت کو بیان کروں اور دل پھٹ جائیں، آنکھیں نم ہو جائیں، آج اس عثمانؓ کے جسم پر برچھا مار کر لہو لہان کر دیا گیا جس عثمانؓ نے بیماری کی حالت میں بھی بغیر کپڑوں کے کبھی غسل نہ کیا تھا، آج آپﷺ کی 2 بیٹیوں کے شوہر کو ٹھوکریں ماری جا رہی ہیں۔ 18 ذی الحجہ 35ھ ہے جمعہ کا دن ہے، سیدنا عثمانؓ روزہ کی حالت میں ہیں باغی دیوار پھلانگ کر آتے ہیں اور میرے پیارے عثمانؓ کی داڑھی کھینچتے ہیں، برا بھلا کہتے ہیں، ایک باغی پیٹھ پر برچھی مارتا ہے ایک باغی لوہے کا آہنی ہتھیار سر پر مارتا ہے ایک تلوار نکالتا ہے میرے عثمانؓ کو ذبح کرتا ہے: اللہ دیکھ رہا ہے عثمانؓ کا ذبح ہونا، فرشتے دیکھ رہے ہیں عثمانؓ کا شہید ہونا، چرند پرند دیکھ رہے ہیں عثمانؓ کا قربان ہونا، قرآن سامنے پڑا تھا خون قرآن پر گرتا ہے تو قرآن بھی عثمانؓ کی شہادت کا گواہ بن گیا۔ سیدنا عثمانؓ زمین پر گر پڑے تو باغی سیدنا عثمانؓ کو ٹھوکریں مارنے لگے جس سے آپ کی پسلیاں تک ٹوٹ گئیں، بالآخر سیدنا عثمانؓ باغیوں کے ظلم سے شہید ہو گئے۔ کاش کہ اس مظلوم پہ ہونے والے ظلم کو کوئی بیان کرتا کاش کہ اس مظلوم پر ظلم کرنے والوں کی کوئی پہچان کراتا۔ *اسلام وہ شجر نہیں جس نے پانی سے غذا پائی* *دیا خون صحابہؓ نے پھر اس میں بہار آئی* #منقول
💔 3

Comments