دیسی معلومات اور علاج
June 9, 2025 at 06:52 AM
*صرف پانچ منٹ کا مدرسہ (قسط (246 ) :قرآن و حدیث کی روشنی میں*
ایک فرض کے بارے میں : وطن لوٹتے وقت طواف کرنا*
رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا :" کوئی شخص اس وقت تک وطن واپس نہ ہو ، جب تک کہ اس کی آخری حاضری خانہ کعبہ پر نہ ہو۔(یعنی جب تک طواف وداع نہ کر لے ) البتہ جس عورت کو ماہواری آ رہی ہو ، تو وہ اس حکم میں داخل نہیں ہے"۔
(مسلم :3220،عن ابن عباس رضی اللہ عنہ)
فائدہ: حدود حرم سے باہر رہنے والوں پر وطن لوٹتے وقت "طواف وداع " کرنا واجب ہے۔
************************
*ایک سُنت کے بارے میں : رکوع و سجدہ میں انگلیوں کو رکھنے کا طریقہ*
رسول اللّٰہ ﷺ جب رکوع فرماتے تو (ہاتھوں کی ) انگلیوں کو کھلی رکھتے اور جب سجدہ فرماتے تو انگلیاں ملا لیتے-
(طبرانی کبیر :17498، عن وائل بن حجر رضی اللہ عنہ)
************************
*ایک اہم عمل کی فضیلت : گھر سے وضو کر کے نکلنا*
رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا:" جب تم میں سے کوئی گھر سے وضو کر کے مسجد آئے ، تو گھر لوٹنے تک اسے نماز کا ثواب ملتا رہے گا"۔
(مستدرک :744،عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ)
************************
*ایک گناہ کے بارے میں : والدین کی نافرمانی اور ظلم کرنا*
رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا:" تم ظلم و ستم کرنے سے بچو! کیونکہ ظلم و ستم کی سزا دوسری سزاؤں کے مقابلے میں سب سے جلدی ملتی ہے۔اور والدین کی نافرمانی سے بچو! اللّٰہ کی قسم والدین کا نافرمان جنت کی خوشبو بھی نہیں پائے گا۔جب کہ جنت کی خوشبو ایک ہزار سال کی دُوری سے محسوس ہوتی ہے۔
(طبرانی اوسط :5825، عن جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ)
************************
*دنیا کے بارے میں : دُنیا سے بہتر آخرت کا گھر ہے*
قرآن میں اللّٰہ تعالیٰ فرماتا ہے :" دُنیا کی زندگی سوائے کھیل کود کے کچھ بھی نہیں اور آخرت کا گھر متقیوں (یعنی اللّٰہ تعالیٰ سے ڈرنے والوں ) کے لیے بہتر ہے "۔
(سورہ انعام : 32)
************************
*آخرت کے بارے میں : جنت کے درختوں کی سریلی آواز*
رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا :" جنت میں ایک درخت ہے، جس کی جڑیں سونے کی اور ان کی شاخیں ہیرے جواہرات کی ہیں ، اس درخت سے ایک ہوا چلتی ہے، تو ایسی سریلی آواز نکلتی ہے ، جس سے اچھی آواز سُننے والوں نے آج تک نہیں سُنی"۔
(ترغیب : 5322،عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ)
************************
*طب نبوی ﷺ سے علاج: نناوے بیماریوں کی دوا*
رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا:" جو شخص *لاحَوْلَ وَلا قُوَّةَ إِلا باللَّهِ* پڑھے گا ، تو یہ نناوے مرض کی دوا ہے ، جس میں سب سے چھوٹی بیماری رنج و غم ہے"۔
(مستدرک حاکم:1990،عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ)
************************
*نبی کریم ﷺ کی نصیحت*
رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا :" جس کو یہ اندیشہ ہو کہ وہ آخری رات میں نہیں اُٹھ سکے گا تو اس کو رات کے شروع ہی میں وتر پڑھ لینا چاہیے جس کو آخری رات میں اُٹھنے کی پوری امید ہو تو اسے آخری رات میں وتر پڑھنا چاہیے"۔
( مسلم 1766 ،عن جابر رضی اللہ عنہ)