
KHAWAJA
May 31, 2025 at 03:56 PM
30 مئ 2025
کیا شام کے دارالحکومت دمشق میں اسرائیلی جھنڈا لہرائے گا؟ گذشتہ برس دسمبر میں بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ملک میں تیزی سے جاری پیشرفت کے بعد یہ سوال کئی لوگوں کے ذہن میں گردش کر رہا ہے۔
شاید اس دوران سب سے اہم پیشرفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وہ اعلان تھا کہ جب انھوں نے خلیجی ریاستوں کے اپنے دورے کے دوران کہا کہ وہ شام پر عائد پابندیاں ختم کر دیں گے۔ اس دورے کے دوران ٹرمپ نے شام کے عبوری صدر احمد الشرع سے ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کو معمول پر لے آئیں۔
بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد اس بارے میں متعدد اطلاعات تھیں کہ نئی شامی حکومت کی اسرائیلی حکام کے ساتھ ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ یہ رپورٹس ایسے وقت میں سامنے آئی تھیں، جب شام کی فوجی تنصیبات اسرائیلی فضائی حملوں کا نشانہ بنیں۔
باخبر ذرائع نے بھی خبر رساں ادارے روئٹرز کو یہ انکشاف کیا کہ حالیہ ہفتوں میں اسرائیل اور شام کے درمیان براہ راست ملاقاتیں ہوئی ہیں تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کو کم اور سرحدی علاقے میں کسی بھی تنازع سے بچا جا سکے۔
رواں مہینے فرانسسیی صدر سے ملاقات میں شام کے عبوری صدر نے کہا کہ ثالثوں کے ذریعے اسرائیل کے ساتھ بالواسطہ بات چیت جاری ہے تاکہ ’کشیدگی کم کرنے اور اسے قابو سے باہر ہونے سے روکا جا سکے۔‘ بی بی سی نیوز